بیرون ملک سفر کے دوران پی آئی اے عملہ سے کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، سینیٹر مشاہد اللہ

پیر 5 دسمبر 2016 19:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)مسلم لیگ ن کے راہنما سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک سفر کیلئے ٹرالی بیگ لیکر جارہا تھا ‘اس معاملے کو غلط رنگ دیا گیا ‘کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی پی آئی اے عملے کے خلاف کارروائی کے لئے رجوع کیا ‘صرف کمپلینٹ کارڈ پر اصل صورتحال درج کی ہے ۔

(جاری ہے)

پیر کو پی آئی اے کی کارکردگی کے جائزہ کے لئے قائم خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کمیٹی کے ممبر کامل علی آغا کی جانب سے اس معاملے کا ذکر کیا جس پر وضاحت کرتے ہوئے مشاہداللہ نے کہا کہ جہاز کے اندر بڑا سوٹ کیس لیکر جانے کی میڈیا رپورٹس بالکل جھوٹ پر مبنی تھیں ‘میں ہمیشہ کی طرح ایک ہی ٹرالی بیگ کے ساتھ بروقت اس پرواز میں پہنچا اور ٹرالی بیگ کو ہیڈ ٹریک کے اوپر رکھنے کے لئے کہا تو مجھے بتا یا گیا کہ جگہ نہیں ہے ‘اس پر میں نے کہا بیگ پیچھے رکھ دیا جائے ‘لیکن جب جہاز لینڈ کرنے لگا تو اسی جگہ سے 4سوٹ کیس نما بیگ نکالے گئے اس کے بعد میں نے شکایات کارڈ کے اوپر لکھا کہ جہاں چار بیگ رکھے جاسکتے ہیں وہاں میرا بیگ کیوں نہیں رکھا جاسکتا ‘کیونکہ 72ہزار کا ٹکٹ خریدنے کے بعد میرا یہ حق تھا کہ میرا ٹرالی بیگ جہاز کے اندر رکھا جائے ۔