چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عدالت عالیہ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات میں مرحوم ججوں اور قانون دانوں کو بھی نہ بھولے

خدمات پر روشنی ڈالنے کیلئے فل کورٹ ریفرنس سات دسمبر کو طلب

پیر 5 دسمبر 2016 19:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ کی ڈیڑھ سو سالہ تقریبات اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، ان تقریبات میں مرحوم جج صاحبان اور مرحوم قانون دانوں کی خدمات پر روشنی ڈالنے کیلئے بھی اہم پروگرام ترتیب دیا گیا ہے، اس پروگرام کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر سید منصور علی شاہ نے سات دسمبر فل کورٹ ریفرنس طلب کرلیا ہے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ فل کورٹ ریفرنس کی سربراہی کرینگے، عدالت عالیہ کے تمام ساٹھ جج صاحبان سے کہا گیا ہے کہ وہ فل کورٹ ریفرنس میں شرکت کریں، فل کورٹ ریفرنس ایک بجے شروع ہوگا، فل کورٹ ریفرنس میں جن مرحوم جج صاحبان کی خدمات پر روشنی ڈالی جائیگی ان میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال، عبدالشاکر الاسلام، راشد عزیز خان، افتخار حسین چودھری، اعجاز احمد چودھری، کے ایم اے صمدانی، میاں نثار احمد، عبدالغفور خان لودھی، محمد حسن سندھڑ، گل زریں کیانی، آصف جان، میاں غلام احمد، عبدالمجید ٹوانہ، امیر عالم خان، شیخ عبدالمنان اور مرحوم جج محمد غنی جبکہ مرحوم قانون دانوں میں محمد الیاس خان ایڈووکیٹ، خواجہ سلطان احمد ایڈووکیٹ، حکم قریشی ایڈووکیٹ اور خواجہ سعید الظفر شامل ہیں۔

(بخت گیر)