چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض اور پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا باکسر محمد وسیم کیلئے مجموعی طورپر 35 لاکھ روپے امداد کااعلان

محمد وسیم کی ٹریننگ کیلئے وزیراعظم نواز شریف نے پیسے مختص کردیئے ہیں، یقین دلاتا ہوں محمد وسیم کیلئے وزیراعظم کے اعلان کردہ تین کروڑ روپے انہیں بروقت ملیں گے، ریاض حسین پیرزادہ

پیر 5 دسمبر 2016 19:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) ورلڈ باکسنگ سلور فائی ویٹ ٹائٹل ہولڈر محمد وسیم نے کہا ہے کہ واحد پاکستانی ہوں جس نے ورلڈ باکسنگ کونسل ٹائٹل جیتا ہے، آج تک کسی حکومتی شخصیت اور ادارے نے میری مدد نہیں کی، جنوبی کوریا کی شہریت کی پیشکش یہ کہہ کر ٹھکرادی کہ میں پاکستانی ہوں اور اپنے ملک کا ہی جھنڈا اٹھائوں گا جس کے بعد پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے 25 لاکھ اور چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض نے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض نے کہا کہ بحریہ ٹائون محمد وسیم کو دس لاکھ روپے اور ہر طرح کی سپورٹ اور سپانسرشپ فراہم کریگی، محمد وسیم کو ملک کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ محمد وسیم کو پچیس لاکھ روپے بھی دیئے اور پشاور زلمے کا سفیر بھی مقرر کیا ہے، پاکستان کی سپورٹس پالیسی میں وڑن ہے نہ کوئی وڑنری قیادت ہے، دنیا میں تنازعات کے حل میں سپورٹس ڈپلومیسی زیاد ہ موثر ہتھیار ثابت ہوسکتی ہے۔وفاقی وزیر کھیل ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ محمد وسیم کی ٹریننگ کیلئے وزیراعظم نواز شریف نے پیسے مختص کردیئے ہیں، یقین دلاتا ہوں محمد وسیم کیلئے وزیراعظم کے اعلان کردہ تین کروڑ روپے انہیں بروقت ملیں گے۔۔