کاشتکار ٹنل میں کاشتہ سبزیوں کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے اقدامات کریں‘ محکمہ زراعت

پیر 5 دسمبر 2016 18:31

ملتان۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار ٹنل میں کاشتہ سبزیوں (شملہ مرچ، ٹماٹر، کھیرا، گھیا کدو، گھیا توری اور کریلا وغیرہ) کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے انہیں بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے بروقت اقدامات کریں۔ ترجمان کے مطابق اکھیڑا کی بیماری کا حملہ پودے اگنے سے پہلے یا بعد میں ہوتاہے۔

پہلی صورت میں بیج گل جاتا ہے یا اگتے ہوئے پودے مر جاتے ہیں، دوسری صورت میں اگنے کے دس، بارہ روز بعد پودوں کے پتے پیلے ہو جاتے ہیں اور بڑھوتری رک جاتی ہے، بعد میں پودے مرجھا جاتے ہیں۔مرجھائو کی بیماری کے حملہ سے فصل کے نچلے پتے مرجھانے لگتے ہیں پھر نئے پتے بھی خشک ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور آخر میں تمام پودا مرجھا کر سوکھ جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اس بیماری کا حملہ پودے کی جڑوں پر ہوتا ہے جس سے جڑیں گل سڑ جاتی ہیں۔ اگیتا جھلسائو کی بیماری کی وجہ سے پودوں پر بھورے رنگ کے سیاہی مائل ہم مرکز گول دھبے بن جاتے ہیں جو کہ تمام پتوں اور شاخوں پر پھیل جاتے ہیں۔ بیماری کے حملہ کی شدت کی صورت میں پودا جھلسا ہوا نظر آتا ہے۔پچھیتا جھلسائو کی بیماری کے حملہ سے شروع میں پتوں پر نمدار ٹیڑھے سے دھبے نظر آتے ہیں جو فوراً زردی مائل ہو کر تمام پودوں پر پھیل جاتے ہیں۔

بیماری کے شدید حملہ کی صورت میں پودے گل جاتے ہیں اور کھیت میں سے مخصوص بدبو آنے لگتی ہے۔ زیادہ حملہ کی صورت میں پھول اور پھل پر بھی علامات ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ ٹنل میں کاشتہ سبزیات کو ان مختلف بیماریوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے بیج کو موزوں پھپھوندکش زہر لگا کر کاشت کریں، قوت مدافعت والی اقسام کاشت کریں، ٹنل میں درجہ حررات اور نمی کو کنٹرول کریں اور فصلوں کا مناسب ادل بدل کریں۔ بیماریوں کے شدید حملہ کی صورت میں محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ) کے مقامی فیلڈ عملہ کی سفارش کردہ زہروں کا استعمال کریں۔