رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پرریسکیو1122کے زیراہتمام سیمینارکاانعقاد

پیر 5 دسمبر 2016 18:27

ملتان۔5 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء)ڈائریکٹرجنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122کی ہدایت پرریسکیو1122کے زیرانتظام رضاکاروں کے عالمی دن کے موقع پرریسکیوسینٹرل اسٹیشن چوک کمہارانوالہ ملتان میں ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرخالدمحمودکی صدارت میں سیمینارکاانعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ریسکیورز اور ریسکیو رضاکار(ریسکیو محافظ) شریک ہوئے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایمرجنسی آفیسرڈاکٹرخالد محمود نے کہا کہ رضاکارکسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جو بلامعاوضہ بغیر کسی لالچ اور طمع کے معاشرے کی تعمیروترقی میں اپنا کردار اداکرتے ہیں۔ انکی خدمات جذبہ حب الوطنی اور جذبہ انسانیت سے سرشارہوتی ہیں۔ سیمینارکے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ اپیل بھی کی ملتان کے تمام شہری ریسکیو 1122کے کمیونٹی ٹریننگ ونگ سے منسلک ہوکرٹریننگ حاصل کرکے معاشرے کے مفید شہری کے طورپراپنی خدمات سرانجام دیں اور بطور ریسکیومحافظ اپنے آپ کو ریسکیو 1122کے پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ کروائیں۔

(جاری ہے)

سینئیرانسٹرکٹرو وکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ محمد اقبال نے اپنے خطاب میں رضاکاروں کی تربیت کے حوالے سے ریسکیو1122کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا اس قسم کی تقاریب منعقد کرکے معاشرے میں رضاکارانہ جذبے میں ابھارنے کی ضرورت ہے تاکہ ہرشہری کسی بھی بڑی ایمرجنسی یا سانحہ میں اپنی رضاکارانہ خدمات سرانجام دے سکے۔سیمینارکے اختتام سے پہلے ریسکیو1122کے تربیت یافتہ رضاکاروں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

دیگر شرکاء میں ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد امتیاز‘ کنٹرول روم انچارج محمد مدثرضیاء‘ اسٹیشن انچارجز‘ چوک کمہارانوالہ حامد محمود‘ کلمہ چوک محمد نعیم عمران ارشاد‘ بہاولپوربائی پاس محمد امجد‘ انڈسٹریل اسٹیٹ محمد عثمان رفیق اور سلطان فاؤنڈیشن سے محمد سجاد شریک تھے۔دریں اثناء ہیڈ کوارٹرپنجاب ایمرجنسی سروس میں ریسکیومحافظین کی رجسٹریشن کے عمل کا آغاز بانی ڈائریکٹرجنرل ریسکیو 1122ڈاکٹررضوان نصیرکے ہاتھوں سے ہوا جو ریسکیو1122کی جانب سے کمیونٹی کی بہتری کی جانب ایک نہایت احسن اقدام ہے۔