حافظ آباد، داماد نے فائرنگ کرکے ساس، سسر اور بیوی سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا،ملزم نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی

واقعہ شوری مانیکا میں گھریلو تنازعہ پر پیش آیا، فائرنگ سے دو بچیاں بھی شدیدزخمی ہوگئیں

پیر 5 دسمبر 2016 18:14

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں کے علاقہ شوری مانیکا میں گھریلو تنازعہ پر داماد نے فائرنگ کرکے ساس، سسر اور بیوی سمیت پانچ افراد کو قتل کردیا اور بعدازاں ملزم نے اپنے آپ کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ملزم کی فائرنگ سے اسکی دو بچیاں بھی شدیدزخمی ہوگئیںجنھیں الائیڈ ہسپتال ریفر کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد منشاء ایک قتل کے مقدمہ میں جیل میں رہنے کے بعد قریبا دو ماہ قبل باہر آیا تھا۔جیل میں بندش کے دوران اسکی بیوی بتول بی بی بچوں کو اپنے ساتھ لیکر میکے آگئی تھی۔ جیل سے باہر آنے کے بعد محمد منشاء نے کئی باراپنے سسرالیوں کو بیوی بچوں کو واپس اپنے ساتھ گھر بھیجنے کو کہا لیکن اسکے سسرالی بیوی بچوں کو اسکے ساتھ بھیجنے پر رضا مند نہ ہوئے ۔

(جاری ہے)

جس پر سسرالیوں اور محمد منشاء میں گذشتہ کئی روز سے سرد جنگ چلی آرہی تھی۔اسی رنجش پر محمد منشاء نے آج اپنے سسر بشیر احمد کے گھر رات کے وقت آکر ان پر سوتے ہوئے فائرنگ کردی۔جس کے نتیجہ میں پانچ افراد سسر بشیر احمد، ساس جنت بی بی، بیوی بتول بی بی، سالی فوزیہ ، سالہ نصر موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ملزم نے خودکو گولی مار کر خود کشی کرلی۔

ملزم کی فائرنگ سے اسکی دو بیٹیاںسعدیہ کلثوم اور صائمہ کلثوم بھی شدید ذخمی ہوگئیں۔ جنھیں فوری طور پر پنڈی بھٹیاں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاںسے انہیں انکی تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈاکٹروں نے الائیڈ ہسپتال ریفر کردیا ہے۔ دوسری جانب پولیس تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں نے مقتولین کی تمام نعشوں کو قبضہ میں لیکرتحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال پنڈی بھٹیاں میں پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کردیا او ر مقتول بشیر احمد کی بیٹی غلام زہرہ زوجہ انصر عباس بھٹی کی مدعیت میں ملزم محمد منشاء سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :