صوبائی حکومت قیمتی درختوں کی کٹائی کی روک تھام کرے‘ طاہر خان

پیر 5 دسمبر 2016 18:04

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) اگرورتناول چھجڑگزارہ میں سولہ ہزار قیمتی درختوں کا صفایا کردیاگیا۔ صوبائی حکومت قیمتی درختوں کی کٹائی کی روک تھام کرے۔ اس ضمن میں تحصیل اوگی کی سیاسی و سماجی شخصیت طاہر خان نے صحافیوں کو بتایاکہ محکمہ جنگلات اگرور تناول فارسٹ ڈویژن میں چھجڑگزارہ کے جنگلات میں ٹمبر مافیا نے گزشتہ چند ماہ کے دوران سولہ ہزار سے زائد قیمتی درخت کاٹ کا پنجاب سمگل کردیئے ہیں اور اس غیرقانونی درختوں کی کٹائی کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

اگرور تناول فارسٹ ڈویژن کے ڈی ایف او کو ہم نے کئی مرتبہ بتایا لیکن موصوف نے درختوں کی کٹائی کو روکنے کیلئے کوئی ایکشن نہیںلیا۔ طاہر خان نے خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیاکہ ایک طرف عمران خان بلین ٹری جیسے منصوبے شروع کررہے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب دن رات قیمتی درختوں کی کٹائی جاری ہے۔ چھجڑگزارہ جنگلات میں ہونیوالی غیرقانونی کٹائی کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن لیاجائے اور اس علاقے میں درختوں کی غیرقانونی کٹائی کو فوری طور پر روکاجائے۔ اور اس علاقے میں ایف سی تعینات کی جائے۔