عبدالرحیم جانو پر کیچڑ اچھالنے والے بھول گئے کچھ عرصہ پہلے تک وہ ان کے سرکا تاج تھے،پاکستان بزنس گروپ

مخالفین نے انتخابی مہم میں شائستگی کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا، بزنس کمیونٹی ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں مفاد پرست ٹولے کو عبرت کا نشان بنادیگی ذاتیات پر مبنی انتخابی مہم چلانے سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرستوں کا قد مزید چھوٹا ہورہا ہے ،انتخابات کے بعد وہ محض’بونے‘ بن کر رہ جائینگے،مہتاب الدین چاولہ ،یحییٰ پولانی ہم جھوٹے نعروں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں ،فیڈریشن کے انتخابات میں بزنس کمیونٹی فرعون بننے والوں کو غرور خاک میں ملادے گی ،عبدالوحید شاہ،سلمان رفیق ،شاہنواز اشتیاق

پیر 5 دسمبر 2016 17:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) پاکستان بزنس گروپ کے چیئرمین مہتاب الدین چائولہ، سنیئروائس چیئرمین محمدیحییٰ پولانی،سیدعبدالوحیدشاہ،سلمان رفیق،شاہ نوازاشتیاق اوردیگر نے کہا ہے کہ عبدالرحیم جانو پر کیچڑ اچھالنے والے بھول گئے ہیں کہ کچھ عرصہ پہلے تک وہ ان کے سرکا تاج تھے ۔پی بی جی اور بزنس مین پینل کے رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے کی بجائے مخالفین اپنی کارکردگی بزنس کمیونٹی کے سامنے رکھیں ۔

تاجروں و صنعتکارں کے مفادات کا سودا کرنے والے آج کس منہ سے ان کے حقوق کی بات کررہے ہیں ۔بزنس کمیونٹی ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں مفاد پرست ٹولے کو عبرت کا نشان بنادے گی ۔مخالفین بتائیں کہ جب ملک بھر کے تاجر و صنعتکار اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر احتجاج کررہے تھے تو وہ اس وقت کہاں تھے ۔

(جاری ہے)

ان کا بھیانک چہرہ بزنس کمیونٹی کے سامنے عیاں ہوچکا ہے ۔

انتخابات کے بعد ان کو منہ چھپانے کی جگہ بھی نہیں ملے گی ۔گزشتہ روز جاری ایک بیان میں پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ پی بی جی اور بی ایم پی کے مشترکہ صدارتی امیدوار عبدالرحیم جانو کا ماضی اور حال پوری دنیا کے سامنے روز روشن کی طرح عیاں ہے ۔بزنس کمیونٹی جانتی ہے کہ عبدالرحیم جانو ان کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سے سینہ سپررہے ہیں ۔

یونائیٹڈ بزنس گروپ نے انتخابی مہم میں شائستگی کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا ہے۔ان کے پاس بزنس کمیونٹی کو دینے کے لیے فریب اور جھوٹے نعروں کے سوا کچھ نہیں ہے ۔انہوںنے بزنس کمیونٹی کے لیے کچھ کیا ہوتا تو آج شکست کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار نہ ہوتے ۔انہوںنے کہا کہ ذاتیات پر مبنی انتخابی مہم چلانے سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرستوں کا قد مزید چھوٹا ہورہا ہے اور انتخابات کے بعد وہ محض ’’بونے‘‘ بن کر رہ جائیں گے ۔

بزنس کمیونٹی نے جس طرح پاکستان بزنس گروپ اور بزنس مینل پینل کے اتحاد کو سراہا اور اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے اس نے مخالفین کی راتوں کی نیند چھین لی ہے ۔پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں ہماری کامیابی یقینی ہے اور ملک بھر کی نمائندہ تاجر و صنعت کار تنظیمیں اور چیمبرز ہمیں اپنی حمایت کا یقین دلارہے ہیں ۔

عبدالرحیم جانو نے فیڈریشن انتخابات میں پری پول رگنگ کی نشاندہی کی تو ان کے خلاف تنقید کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ کچھ عرصہ پہلے تک یہی مفاد پرست ان کی تعریفوں کی پل باندھتے تھے ۔ان کے اس عمل نے ثابت کردیا ہے کہ یہ ایک ’’مستند‘‘ مفاد پرست ٹولہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم نے بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے باقاعدہ ایک پروگرام دیا ہے اور انشاء اللہ انتخابات میں کامیابی کے بعد اس پر عملدرآمد کرایا جائے گا ۔ہم جھوٹے نعروں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں ۔فیڈریشن کے انتخابات میں بزنس کمیونٹی فرعون بننے والوں کو غرور خاک میں ملادے گی ۔

متعلقہ عنوان :