حکمران اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا دینا چاہتے ہیں ‘سراج الحق

نیونیوز کو بحال اور دیگر چینلز کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو لاکھوں لوگوںکے ساتھ حکمرانوں کے خلاف احتجاج کرینگے وزیر اعظم صاحب بھول گئے ہیں کہ جب ان کی پارٹی کے لوگوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا تو میڈیاان کی آواز بنا تھا ‘امیر جماعت اسلامی

پیر 5 دسمبر 2016 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا دینا چاہتے ہیں ،وزیر اعظم صاحب بھول گئے ہیں کہ جب ان کی پارٹی کے لوگوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا تو میڈیاان کی آواز بنا تھا ،ڈکٹیٹروں کی گود میں پرورش پانے والے حکمرانوں کا طرز سیاست آمرانہ ہے،کسی ایک فرد کی غلطی کی سزا پورے چینل کے ملازمین کو دینا کہاں کا انصاف ہے ،نیونیوز کو بحال اور دیگر چینلز کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو لاکھوں لوگوںکے ساتھ حکمرانوں کے خلاف احتجاج کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو نیوز ،سچ نیوز اور 92نیوز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مال روڈ لاہور پر صحافی کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میڈیا قوم کی آنکھیں ،کان اور زبان ہے ،چینلز پر پابندی قوم کی آنکھوں پر پٹی باندھنے اور زبان کاٹنے کے مترادف ہے ،میڈیا چینلز کو بند کرکے حکومت لاکھوں صحافی کارکنوں کا معاشی قتل عام کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں مسلم لیک ن کی حکومت ہے ،ہم کم از کم میاں برادران سے یہ توقع نہیں کررہے تھے کہ وہ میڈیا کا گلا دبانے کے کسی جرم میں شریک ہونگے کیونکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ جب ان کے اپنے بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے تھے تو میڈیا نے ہی ان کا ساتھ دیا تھا اور انہیں عوام میں زندہ رکھا تھا ۔انہوں نے کہا کہ جب سیاسی ورکر پر تمام دروازے بند ہوجاتے ہیں تو صرف میڈیا کے دفاتر اور پریس کلب اس کی پناہ گاہ بنتے ہیں اور میڈیا کے دروازے اس کیلئے کھلے ہوتے ہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت نیو نیوز کو فوری بحال کرے اور 92نیوز کے خلاف ایک وزیر کی طرف سے درج کرائی گئی ایف آئی آر واپس لیکر اس سے معافی مانگے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو آزادی صحافت کو یقینی بنانے کیلئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ہمیشہ مجبور و محروم عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے ،کروڑوں عوام آج ان چینلز کے ساتھ ہیں ،اگر حکومت نے فوری طور پر نیو نیوز کو بحال نہ کیا تو ملک بھر میں لاکھوں لوگ حکمرانوں کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شریک ہوجائیں گے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیونیوز کے ایڈیٹر انچیف چوہدری عبد الرحمن نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے صحافی کارکنوں کے مظاہرے میں شرکت کرکے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ان کا حوصلہ بڑھایا ہے ۔

متعلقہ عنوان :