بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور انڈونیشیا کی دارلنجاہ فاؤنڈیشن کا دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

پیر 5 دسمبر 2016 17:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد اور انڈونیشیا کی دارلنجاہ فاؤنڈیشن نے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے عزم کیا ہے کہ آئندہ دنوں دونوں ادارے تعلیم، وفود کے تبادلوں اور تربیتی پروگراموں کے ضمن میں اقدامات کریں گے اور اس حوالہ سے پہلے سے طے شدہ مفاہمت کی یادداشت کو باقاعدہ فعال کیا جائے گا۔

اس بات پر اتفاق دونوں اداروںکے اعلیٰ عہدیداروں کے مابین پیر کو اسلامی یونیورسٹی کے نیو کیمپس میں ملاقات کے دوران کیا گیا جہاں انڈونیشیا کے سفیر ایوان سیودھی امری اور دارالنجاہ فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر صفوان مناف کی قیادت میں انڈونیشیا کے 10 رکنی وفد نے جامعہ کا دورہ کیا جس میں دارالنجاہ فاؤنڈیشن یونیورسٹی کے اعلیٰ اراکین بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفد نے جامعہ کے قائمقام صدر ڈاکٹر محمد بشیر خان، نائب صدر ڈاکٹر محمد منیر، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی، ڈائریکٹر جنرل خالد محمود راجہ اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی۔ انڈونیشین سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کی جامعات اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں تو اس کے دوررس نتائج مرتب ہوں گے اور حالیہ دورہ اور مجوزہ تعاون کا معاہدہ اس ضمن میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انڈونیشین سفارتحانہ اس ضمن میں ایک پل کر کردار ادا کرے گا۔ دوران ملاقات دارالنجاہ فاؤنڈیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ اور اس کے تحت کام کرنے والی یونیورسٹی جامعہ کی عربی فیکلٹی سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے جبکہ شعبہ تعلیم کے کورسز میں بھی تعاون کے بھرپور مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر اپنے ادارے کا تفصیلی تعارف بھی کرایا۔ ڈاکٹر محمد بشیر خان نے اپنے کلمات میں کہا کہ اسلامی یونیورسٹی امت مسلمہ کے طلباء کو ترجیحی بنیادوں پر داخلے فراہم کرتی ہے اور جامعہ کئی ایک بین الاقوامی جامعات کے ساتھ تعاون کے معاہدے کر چکی ہے جن کے تحت بھرپور تعلیمی تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا انڈونیشین جامعات کے ساتھ تعاون ایک مثبت اقدام ہو گا اور حالیہ جاری تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد طاہر خلیلی نے جامعہ کے تدریسی نظام اور شعبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ آخر میں دونوں اداروں نے جلد ایک اور اجلاس میں مجوزہ تعاون کے معاہدے کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا۔ بعد ازاں وفد نے جامعہ کی مرکزی لائبریری اور مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔