Live Updates

الیکشن کمیشن، عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی ریفرنسز کی سماعت 15 دسمبر تک ملتوی

پیر 5 دسمبر 2016 17:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھجوائے گئے نااہلی ریفرنسز کی سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے، ان ریفرنسز پر فیصلہ 15 دسمبر کو سنایا جائے گا۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری اور دیگر جبکہ جہانگیر ترین کے خلاف محمد خان ڈاہا اور دیگر کی طرف سے دائر ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے کمیشن کے سامنے جواب داخل کرایا گیا جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بنی گالہ کی زمین انہوں نے اپنی اہلیہ جمائما خان سے قرض لے کر خریدی تھی جبکہ بعد ازاں لندن کا فلیٹ فروخت کرکے انہیں یہ رقم واپس کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے جواب میں بتایا کہ بنی گالہ گھر کی خریداری کا معاہدہ 4 کروڑ 35 لاکھ میں کیا، ابتدائی طور پر 65 لاکھ روپے ادا کئے، بقایا رقم لندن کا فلیٹ بیچ کر ادا کرنا تھی تاہم مقررہ مدت میں لندن فلیٹ کی فروخت نہ ہونے کی وجہ سے جمائما خان سے ادھار رقم لی جو قانونی طریقہ سے پاکستان منتقل کی۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عمران خان نے جو جواب داخل کیا ہے اس میں اور جمائما خان کے عدالت میں پیش کئے گئے پاور آف اٹارنی میں تضاد ہے۔ عمران خان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، ہم سے 40 سال کا ریکارڈ مانگنے والے خود 2007ء کا ریکارڈ نہیں دے رہے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف ریفرنسز کی سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی، اسی روز فیصلہ بھی سنایا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات