میرپور خاص،مسافر گاڑیوں میں سی این جی، ایل پی جی اور ایل این جی گیس سلنڈر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی

پیر 5 دسمبر 2016 17:20

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر و چیئرمین ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی میرپورخاص سید مہدی علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر سندھ بھر میں مسافر گاڑیوں میں سی این جی، ایل پی جی اور ایل این جی گیس سیلنڈر کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی ہے اس سلسلے میںکمشنرشفیق احمد مہیسر، ڈپٹی کمشنر سید مہدی علی شاہ اور متعلقہ محکموں کے افسران کی سربراہی میں کاروائی مہم جاری ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کمرشل مسافر گاڑیوں ،وین، کوسٹر، بس ، سوزوکی، اسکول وین یعنی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیاں جن میں سی این جی ، ایل این جی اور ایل پی جی گیس سیلنڈر نصب ہیں کے مالکان ، سی این جی کٹ کا کاروبار کرنے والوں او رسی این جی پمپ ایل این جی اورایل پی جی کی دُکانوںکے مالکان کو ہدایات جاری کی ہیںکہ وہ کورٹ کے حکم پر سختی سے عمل درآمد کریں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے سی این جی پمپ اسٹیشن ایل این جی اور ایل پی جی کے دُکان مالکان کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ گاڑیوں میںگیس بھرنا بند کردیںخلاف ورزی کرنے پر انکی دُکانیں اور پمپنگ اسٹیشن سیل کرکے لائسنس منسوخ کردئے جائیں گے۔

ٹرانسپورٹ مالکان کوہدایت کی ہے کہ اپنی گاڑیوں میں گیس سیلنڈر فوری طور پر نکال دیںخلاف ورزی کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کرکے گاڑیاں بند کردی جائیں گی ۔ انہوں نے ضلعے کے تمام اسٹک ہولڈرز سے اپیل کی ہے کہ کورٹ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کیاجائے بصورت ِدیگر سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔