سندھ گیمز کی حتمی تاریخ کا اعلان چند روز میں کر دیا جائیگا‘سردار محمد بخش مہر

وزیر کھیل سندھ کا اپنے افسران کو ایسو سی ایشنز اور کھلاڑیوں سے رابطے تیز کرنے کی ہدایت

پیر 5 دسمبر 2016 17:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے کہا ہے کہ سندھ گیمز کی حتمی تاریخ کا اعلان مشاورت کے بعد چند روز میں کر دیا جائے گا انہوں نے اپنے آفس میں محکمہ کھیل کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کھیلوں کی ایسو سی ایشن اور کھلاڑیوں سے رابطے تیز کردیں تاکہ سندھ گیمز کے انعقاد میں مزید تاخیر نہ ہو ان کا کہنا تھا کہ سندھ گیمز کا انعقاد ہر صورت فروری تک کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور یہ گیمز کراچی میں ہونگے لیکن وزیر اعلیٰ سندھ سے مشاورت کے بعد ان گیمز کو کسی دوسرے شہر میں منتقل کرنیکا امکان بھی موجود ہے۔

صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ چند روز میں محکمہ کھیل کے افسران ایسو سی ایشنز‘ سیکورٹی اہلکاروں اور دیگر متعلقہ افسران کا ایک اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں سب کی مشاورت سے نہ صرف حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا بلکہ سیکورٹی‘ کھلاڑیوں کی رہائش‘ ڈیلی الائونس اور دیگر معاملات کو بھی طے کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کررہے ہیں ان کھیلوں کا انعقاد شایان شان طریقے سے کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں اور کھلاڑیوں و آفیشلز کو ہر وہ سہولت فراہم کریں جو کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ کے مطابق ہو تاکہ جب کھلاڑی کھیلوں کے اختتام پر واپس اپنے گھروں کو جائیں تو وہ محکمہ کھیل کی کاوشوں کے حوالے سے ایک اچھا اور مثبت تاثر لے کر جائیں۔

سردار محمد بخش مہر نے مزید کہا کہس ندھ کے روائتی کھیلوں کی طرف ہماری بھرپورتوجہ مرکوز ہے کیونکہ کھیلوں کے ذریعے سندھ کی ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کرانا ہمارا مشن ہے۔ آئندہ ہونے والے نیشنل گیمز کے لئے ہم سندھ بھر میں تربیتی کیمپس کا انعقاد کریں گے اورکھلاڑیوں کا انتخاب خالصتا میرٹ کی بنیاد پر کریں گے ہم چاہتے ہیں کہ صلاحیتوں سے مالا مال کسی بھی کھلاڑی کی حق تلفی نہ ہو اور بلا کسی تفریق زبان‘ رنگ و نسل ہر با صلاحیت کھلاڑی کو ان کی صلاحیتوں کو جوہر دکھانے کے بھرپور مواقع فراہم کریں۔

متعلقہ عنوان :