فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016ء میں ملک بھر سے آئے 56شکاریوں نے حصہ لیا‘ خالد عیاض خان

محکمہ کو 6لاکھ 77ہزارروپے کی آمدن ہوئی جوحکومتی خزانے میں جمع کروادی گئی ہے ، محکمہ جنگلی حیات قانونی شکار کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہا ہے ،شکاریوں کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت شکارکی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ‘ ڈی جی جنگلی حیات

پیر 5 دسمبر 2016 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالدعیاض خان نے کہا ہے کہ کلر کہار میں فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016ء کے تحت ملک بھر سے آئے ہوئے 56شکاری محکمہ کی طرف سے فراہم کردہ 3روزہ شکار کی سہولت سے مستفید ہوئے ،اس صحت مند تفریح کی فراہمی سے نہ صرف شکاری حضرات کے شکارکے شوق کی تکمیل ہوئی بلکہ قانونی شکار کے ر جحان کو بھی فروغ ملا ہے ۔

انہوں نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے شکاریوں کوفراہم کردہ اس صحت مند تفریح سے 6لاکھ 77ہزار روپے سے زائدآمدن ہوئی جو حکومتی خزانے میںجمع کروائی جاچکی ہے ۔انہوں نے تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایاکہ فیزنٹ شوٹ کی مد میں 5لاکھ 60ہزار روپے سیلز ٹیکس کی مد میں 89ہزار600روپے جبکہ رجسٹریشن فیس کی مدمیں 28ہزار روپے وصول کیے گئے۔

(جاری ہے)

خالدعیاض خان نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات قانون کے دائرے میں رہ کرشکارکرنے کے رجحان کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کررہاہے ۔انہوں نے کہا کہ شکاریوں کوقانونی شکار کے مواقع کی فراہمی اورسپورٹس ہنٹنگ کے فروغ کے حوالے سے ایک مربوط حکمت عملی ترتیب دی جاچکی ہے اور3روزہ فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016ء کے کامیاب انعقاداورکامیابی سے جاری کالاہرن اورچنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ پروگرام 2016ء اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔انہوں نے اس عزم کااظہارکیا کہ محکمہ آئندہ بھی شکاریوں کوقانونی شکارکے مواقع فراہم کرتارہے گا تاکہ غیرقانونی شکارحوصلہ شکنی کی جاسکے اورقانونی شکارکے ر جحان بارے عوام میں آگہی پیداکرتے ہوئے اسے فروغ دیاجاسکے۔