پندرہ روزہ تین نوٹس جاری کیے بغیر کوئی فیکٹری سِیل نہ کی جائے‘راناتنویر حسین

پیر 5 دسمبر 2016 16:58

پندرہ روزہ تین نوٹس جاری کیے بغیر کوئی فیکٹری سِیل نہ کی جائے‘راناتنویر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مطالبے پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ پندرہ روزہ تین نوٹس جاری کیے بغیر کوئی فیکٹری سِیل نہ کی جائے۔ وفاقی وزیر کے دورہ لاہور چیمبر کے موقع پر لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے انہیں آگاہ کیا تھا کہ نوٹس دئیے بغیر براہِ راست فیکٹریاں سِیل کرنے کے قدم سے کاروباری شعبے کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

وفاقی وزیر نے اس شکایت پر فوری ایکشن لیا اور اپنے دستخطوں کے ساتھ ایک نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس میں پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ انتہائی قدم اٹھانے سے پہلے متعلقہ فیکٹری کو تین نوٹس جاری کیے جائیں۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے نوٹیفیکیشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کے بروقت قدم کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور کاروباری برادری کی مشکلات میں کمی آئے گی جبکہ حکومت اور تاجروں کے درمیان اعتماد سازی بھی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے فیکٹریاں سِیل کرنے سے صنعتکاروں میں خوف و ہراس پھیل رہا تھا لیکن وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی ہدایت کے بعد صورتحال بہت بہتر ہوگی۔ انہوں نے دیگر وزارتوں اور صنعت و تجارت سے متعلقہ اداروں پر زور دیاکہ وہ بھی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی تقلید کرتے ہوئے کاروباری شعبے کے لیے دوستانہ کردار ادا کریں تاکہ یہ مشکلات سے آزاد ہوکر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کردارادا کرسکیں۔