آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی کمانڈر جنرل ژائو یونگ چی کی ملاقات

علاقائی سیکیورٹی ، پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال سی پیک کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گی، جنرل قمر جاوید باجوہ جنرل ژائو یونگ چی کا دہشت گردی کیخلاف جنگ ،علاقائی امن واستحکام کیلئے مسلسل کوششوں پر پاکستان آرمی کو خراج تحسین

پیر 5 دسمبر 2016 16:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چینی کمانڈر جنرل ژائو یونگ چی نے علاقائی سیکیورٹی اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ہے جبکہ پاک فوج کے سربراہ نے سی پیک کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے کمانڈر جنرل ژائو یونگ چی نے پیر کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

جنرل ژائو یونگ چی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک فوج کی کمان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی اور پیشہ وارانہ دلچسپی سے متعلق امور زیر غور لائے گئے۔ چینی جنرل نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور علاقائی امن واستحکام کیلئے مسلسل کوششوں پر پاکستان آرمی کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی پیک کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ، قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر پاکستان آرمی کے ایک چاک وچوبند دستے نے چینی جنرل کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے چینی کمانڈر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔