سی پیک ملک کو اقتصادی سپر پاور بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال

انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں ابھی مزید وقت لگے گا لیکن ہم نے بڑی حد تک اس سے جان چھڑا لی ہے،دہشت گردوں کی کمر توڑی جا چکی ہے سستی بجلی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،دیامیر بھاشا ڈیم کی اگلے سال گراونڈ بریکنگ ہو گی، بلوچستان میں سی پیک کے ذریعے نئے مواقع کھل رہے ہیں

پیر 5 دسمبر 2016 16:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہاہے کہ سی پیک ملک کو اقتصادی سپر پاور بنانے میں سنگ میل ثابت ہو گا، آج کی نسل تاریخ میں سب سے زیادہ تبدیلی دیکھ رہی ہے، دنیا میں جس تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے، جو ملک خود کو اس کے لیے تیار نہیں کریں گے تو تمام مواقع دوسرے دروازے پر چلے جائے گے، پاکستان کی معیشت تیسری بار اٹھنے کی کوشش کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اسلام آباد چیمبر اٴْف کامرس کی تقریب میں کیا۔انہوںنے کہاکہ ہمارے ملک میں کچھ مصنوعی ترقی کے ادوار آئے جب ہماری ترقی کی شرح چھ فیصد تک پہنچی تب ڈالرز ملتے رہے تو معیشت ترقی کرتی رہی، جیسے ڈالرز بند ہوئے تو ہماری گروتھ ریٹ واپس ہو گئی، ساٹھ کی دہائی، اسی کی دہائی اور نائن الیون کے بعد ایسے ادروار آئے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں ابھی مزید وقت لگے گا لیکن ہم نے بڑی حد تک اس سے جان چھڑا لی ہے،دہشت گردوں کی کمر توڑی جا چکی ہے ۔اب یہ چھوٹے چھوٹے گروہوں میں کام کر رہے ہیں جن کا ثابت قدمی سے پیچھا کرنا ہو گا۔انہوںنے کہاکہ وہ نفرت کے بیج جو مذہب اور فرقوں کی بنیاد پر پھیلائے گئے انھیں ختم کرنے میں وقت لگے گا۔اس معاملہ میں کوتاہی نہیں کرنی ہو گی کہ کہیں یہ دوبارہ سر نہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں سی پیک کے زریعے نئے مواقع کھل رہے ہیں،سال 2018 تک گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کر لیں گے ۔گزشتہ 66 برسوں میں ہم نے سولہ ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کی۔لیکن اس دور حکومت میں ہم 11 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ سال 2025ء تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں 30 ہزار میگاواٹ کا اضافہ کر رہے ہیں، سستی بجلی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

دیامیر بھاشا ڈیم کی اگلے سال گراونڈ بریکنگ ہو گی۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں سی پیک کے ذریعے نئے مواقع کھل رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ چین کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ وہ سی پیک کے زریعے پاکستان کی صنعت کو مضبوط کرنا چاہیتے ہیں ، اور صنعت کے شعبے میں ہماری مدد کرنا چاہتے ہیں۔بزنس کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے کیے چیمبرز رکاوٹیں ختم کرنے تجاویز مرتب کررہی ہیں۔