تحریک منہاج القرآن چکوال کے زیر اہتمام سالانہ استقبال ربیع الاول میلاد مارچ کا انعقاد

پیر 5 دسمبر 2016 16:48

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) تحریک منہاج القرآن چکوال کے زیر اہتمام سالانہ استقبال ربیع الاول میلاد مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ ریسکیو 15 چوک سے شروع کیا گیا جس میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے آمد ربیع الاول اور میلاد مصطفی ﷺ کے حوالے سے مختلف پلے کارڈ، بینرز اور اسم محمد کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور سارے راستے شرکاء درود و سلام کا ورد کرتے رہے ۔

جلوس کی قیادت ملک نذر حسین صدر تحریک منہاج القرآن چکوال ، حاجی جہانگیر حسین ناظم تحریک ،علامہ عاطف بشیر قادری ، توقیر اعوان ایڈووکیٹ صدر پی اے ٹی چکوال ، ساجد حسین اعوان جنرل سیکرٹری پی اے ٹی چکوال ، حافظ محمد خان قادری صدر علماء کونسل چکوال ، حاجی محمد صفدر ، ڈاکٹر سہیل محمود جنجوعہ وغیرہ اورویمن لیگ کی جانب سے رافعہ عروج ملک اور عظمی عروج ملک اور یوتھ ونگ ایم ایس ایم کے قائدین نے کی۔

(جاری ہے)

عوام کی طرف سے مارچ کے شرکاء پر جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچاور کی گئیں،جلوس تلہ گنگ روڈ پر بھون چوک اور چھپڑ چوک پر پہچا تو لوگوں نے آمد مصطفی مرحبا مرحبا کے پر جوش نعروں کا بھرپور جواب دیا ، مارچ تحصیل چوک پر اختتام پذیر ہو گیا جہاں سٹیج سجایا گیا تلاوت کلام پاک سے آغاز کیا گیا جس کی سعادت حافظ سراج منیر نے حاصل کی اور اس کے بعد بارگاہ رسالت مآب میں عقیدت کے پھول حافظ عبدالقادر کی جانب سے نچاور کیے گئے ۔

اس موقع پر جنرل سیکرٹری پی اے ٹی طاہر محمود اعوان اور علامہ عاطف بشیر قادری نے حضور پرنور ﷺ کی آمد کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔علامہ عاطف بشیر قادری نے کہا کہ ایمان محبت رسول ﷺ اور نبی کی تعظیم کے بغیر نامکمل ہے ۔خواتین کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے رافعہ عروج ملک نے کہا کہ کائنات کی سب سے بڑی خوشی آقا ﷺ کی ولادت ہے جس کو منانے کا حکم ہمیں قرآن سے ملتا ہے ۔ آخر میں توقیر اعوان ایڈووکیٹ نے تمام فورمز کی جانب سے شرکاء اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔مارچ حافظ محمد خان قادری کی دعا پر اختتام پذیر ہوا۔