گورنر سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) سعید الزماں صدیقی گزشتہ 3 ہفتوں سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج ،ڈاکٹر اور ہسپتا ل عملہ ان کی چھٹی سے لاعلم

پیر 5 دسمبر 2016 16:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) گورنر سندھ جسٹس (ریٹائرڈ) سعید الزماں صدیقی گذشتہ 3 ہفتوں سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں اور متعلقہ حکام لاعلم ہیں کہ ڈاکٹرز کب انہیں ہسپتال سے جانے کی اجازت دیں گے تاکہ وہ اپنے دفتر کا چارج سنبھال سکیں۔یاد رہے کہ 10 نومبر کو جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی نے سندھ کے 30 ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا کر طویل عرصے تک گورنر سندھ کے عہدے پر فائز ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ سنبھالی تھی۔

نئے گورنر خرابی صحت کی وجہ سے حلف اٹھانے کے بعد قائداعظم کے مزار پر حاضری دینے نہیں جاسکے تھے جس کے بعد صحت کے متعدد مسائل سامنے آنے کے بعد انہیں نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔حکام نے ڈاکٹرز کے حوالے سے بتایا کہ گورنر سندھ کی حالت اب ’اطمینان بخش‘ ہے، تاہم وہ ابھی اس سے متعلق کچھ نہیں کہہ سکتے کہ گورنر سندھ کو ہسپتال سے کب فارغ کیا جائے گا اور وہ کب تک اپنا دفتر سنبھال سکیں گے۔

(جاری ہے)

حکام کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس سعید الزماں کو سینے میں انفیکشن کی وجہ سے سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا اور ڈاکٹرز نے انہیں مزید آرام کا مشورہ دیا ہے۔واضح رہے کہ تین ہفتے قبل گورنر سندھ کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں چند دن انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں علاج کے بعد انہیں ہسپتال کے کمرے میں منتقل کیا گیا۔حکام کے مطابق 79 سالہ گورنر کو اہم معاملات سے آگاہ کیا جارہا ہے اور وہ ضروری ہدایات بھی فراہم کررہے ہیں۔دوسری جانب حالیہ میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنر سندھ کی حالت میں بہتری سامنے نہیں آرہی مگر گورنر ہاؤس کے حکام کی جانب سے ایسی تمام رپورٹس کو مسترد کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :