پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان اور مرکزی ترجمان نعیم الحق آمنے سامنے آ گئے

پنجاب کا صدر میں ہوں ،ٹکٹس کے فیصلے کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہوں، نعیم الحق صاحب اپنے میڈیا سیل پر توجہ دیں‘ عبد العلیم خان

پیر 5 دسمبر 2016 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان اور مرکزی ترجمان نعیم الحق ٹکٹوں کی تقسیم کے اختیارات کے معاملے پر آمنے سامنے آ گئے ۔ وسطی پنجاب کے صدر عبد العلیم خان کا کہنا ہے کہ وسطی پنجاب کا صدر میں ہوں اور پارٹی ٹکٹس کے فیصلے کرنے کا اختیار محفوظ رکھتا ہوں۔ نعیم الحق صاحب اپنے میڈیا سیل پر توجہ دیں ۔

(جاری ہے)

الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ میں خود کروں گا کہ میں نے کس حلقے سے الیکشن لڑنا ہے ۔ وسطی پنجاب کی ٹکٹس کے فیصلے کارکردگی پر ہوں گے ۔اتوار کے روز تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے اپنے بیان میں کہا تھاکہ این اے 125کے حوالے سے کسی کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حامد خان کی بجائے عبدالعلیم خان کو ٹکٹ دینے کے فیصلے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار صرف پارلیمانی بورڈ کے پاس ہے۔