خواجہ احمد حسان کو لارڈ میئر کے الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے اور انتخابی شیڈول کی معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

پیر 5 دسمبر 2016 15:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) لاہورہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ احمد حسان کو لاہور کے لارڈ میئر کے الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے اور انتخابی شیڈول کومعطل کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہدکریم نے شیراز ذکاء ایڈووکیٹ کی درخواست پرسماعت کی ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ خواجہ احمد حسان سرکاری عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں اس لئے وہ الیکشن لڑنے اہل نہیں ہوسکتے ۔

خواجہ احمد حسان کی چیئرمین یونین کونسل منتخب ہونے کی اہلیت کے بارے میں درخواست ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔درخواست گزار کے وکیل کے مطابق خواجہ احمد حسان کی اہلیت کے بارے میں اٹھائے جانے والے نکات پر عدالت نے بھی معاونت طلب کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں استدعا کی گئی کہ انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر ضروری ہے کہ خواجہ احمد حسان کو ان کے خلاف درخواست پر فیصلہ آنے تک 22دسمبر کو ہونے والے مئیر کے انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ دسمبر کو ہونے والے انتخابات کیلئے جاری شیڈول کو بھی عبوری طور پر معطل کیا جائے۔ دوران سماعت خواجہ احمد حسان کے وکیل نے بتایا کہ خواجہ احمدحسان نے سرکاری عہدوں سے کوئی مراعات نہیں لیں ۔عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :