فلسطینی زمین پر اسرائیلی بستیوں کی تعمیر قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں،جان کیری

پیر 5 دسمبر 2016 14:57

فلسطینی زمین پر اسرائیلی بستیوں کی تعمیر قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ..
واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) امریکا کے وزیر خارجہ جان کیری نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی زمین پر رہائشی بستیوں کی مستقل تعمیر کو دونوں ملکوں کے درمیان قیام امن کے راستے میں ایک رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل ایک خطرناک سمت کی طرف جا رہا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق جان کیری نے دارالحکومت واشنگٹن میں بروکنگ انسٹیٹیوٹ کے سابان فورم کی سالانہ کانفرنس سے خطاب میں فلسطین اور اسرائیل کے موضوع کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمین نیتن یاہو کے سابان فورم سے خطاب میں کہے گئے ان الفاظ کے خلاف کہ ’’آبادکاری کی پالیسی امن مذاکرات کے راستے کی رکاوٹ نہیں ہے‘‘ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیتن یاہو کے ان الفاظ کی تائید نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خود کو بہلانے کی ضرورت نہیں ہے، آپ ہر چیز کو نظر انداز کر رہے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اس چیز کا کوئی اثر ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو فلسطین کے ساتھ جس مسئلے کا سامنا ہے وہ صرف ان دو ممالک کو ہی متاثر نہیں کرتا بلکہ اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات بھی ان جھڑپوں کی وجہ سے متاثر ہو رہے ہیں۔جان کیری نے کہا کہ جب تک اسرائیل ، فلسطین کے ساتھ اپنے تعلقات کو ٹھیک نہیں کرتا اس وقت تک اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان بھی کوئی علیحدہ سے امن سمجھوتہ نہیں ہو گا۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل، دو حکومتی حل کی کوشش کو اور آبادکاری کی پالیسی کو بیک وقت جاری نہیں رکھ سکے گا،اس لئے اسے دونوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :