وفاقی محتسب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالے، عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات بروقت نمٹانے کے لئے خصوص جج تعینات کرنے کی تجویز دے دی

پیر 5 دسمبر 2016 14:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) وفاقی محتسب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات پر فوری ازالے اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات بروقت نمٹانے کے لئے خصوص جج تعینات کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور گریوننس کمشنر برائے اوور سیز پاکستانی حافظ احسان احمد کھوکھر نے سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن کو ایک خط لکھا ہے جس میں تجویز دی گئی ہے کہ قومی جوڈیشل پالیسی پاک کمیٹی کے ذریعے ہائی کورٹ اور سول کورٹ میں سمندر پار پاکستانیوں کے مقدمات کی جلد سماعت کے لئے خصوصی جج تعینات کئے جائیں جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مقدمات کا فیصلہ 6 ماہ میں کیاجائے اور ان مقدمات میں 6 ماہ سے زائد کا پے آرڈر جاری نہ کیا جائے۔

وفاقی محتسب سیکرٹریٹ اور سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن کی مشاورت سے یہ خط لکھا ہے اور خط میں مزید کہاگیاہے کہ 218ملکوں میں 84لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو سالانہ 19 ارب ڈالر زرمبادلہ بھیجتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کرتے ہیں تاہم پاکستان میں ان کی جائیداد اور کاروبار پر جعلی دستاویزات کے ذریعے قبضہ کر لیاجاتاہے اور ان کی اراضی پر تجاوزات قائم کرلی جاتی ہیں۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اس قسم کے مقدمات مختلف عدالتوں میں سماعت ہیں۔ بیرون ملک دور دراز مقیم ہونے کی وجہ سے وہ اپنے مقدمات کی مؤثر طریقے سے پیروی نہیں کرسکتے اور انہیں مقدمات کی سماعت کی تاریخوں پر بار بار آنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ہائی کورٹ اور سول کورٹ میں خصوصی جج کی تعیناتی اور مقدمات نمٹانے کے لئے مدت کے تعین سے ان کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور گریوننس کمشنربرائے اوور سیز پاکستانی حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہاہے کہ وفاقی محتسب نے تارکین وطن پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے مؤثر اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت نتائج آئے ہیں اور انہوںنے کہاکہ وفاقی محتسب نے بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات 60دنوں کے اندر اندر نمٹائی جا رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :