Live Updates

بنی گالہ گھر کی خریداری کے حوالے سے عمران خان اور جمائمہ خان کے بیان میں تضاد ہے،دانیال عزیز

پیر 5 دسمبر 2016 14:04

بنی گالہ گھر کی خریداری کے حوالے سے عمران خان اور جمائمہ خان کے بیان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کے طویل عرصے بعد الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے جواب سے ایک نئی کہانی سامنے آگئی ہے، بنی گالہ گھر کی خریداری کے حوالے سے عمران خان اور جمائمہ خان کے بیان میں تضاد ہے ،عمران خان کے الزامات سیاسی ہیں ، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل پر کرپشن کے الزامات ہیں ۔

پیر کو الیکشن کمیشن میں عمران خان کی نااہلی کے ریفرنس کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہاکہ جہانگیر ترین نے جرمانہ جمع کرا کر اپنی کرپشن تسلیم کی ہے ۔ کرپشن کے خاتمے کانعرہ لگانے والوں نے خود ریکارڈ کرپشن کی ، کرپشن بے نقاب کرنے پر بعض لوگوں کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عمران خان کے لندن جانے کا اصل مقصد پاور آف اٹارنی کا توڑکرنا تھا ، عمران خان نے جو بیان الیکشن کمیشن میں جمع کرایا ہے اس سے ایک نئی کہانی سامنے آئی ہے ۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 300کنال اراضی جمائمہ سے قرض لے کر خریدی ہے تاہم کورٹ ریکارڈ میں جمائمہ خان اپنے پاور آف اٹارنی میں یہ مؤقف اختیار کرچکی ہیں کہ یہ اراضی عمران خان نے خریدی اور میرے نام کی ۔ عمرا ن نے طویل عرصے بعد جواب تو جمع کرادیا لیکن ان کا وکیل غائب تھا ان کے بیان میں تضاد ہے ، عمران خان بتائیں کہ انہوںنے جمائمہ سے قرض لینے کا جھوٹ کیوں بولا ، انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف خود 2007ء کا ریکارڈ نہیں دے رہی۔

عمران خان کو الزام لگانے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف پر الزامات تب لگتے ہیں جب وہ سیاسی اعتبار سے مضبوط ہو رہے ہوتے ہیں اور اس کامقصد ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ان کے قومی ایجنڈے کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :