وزیراعظم نواز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کے مالیاتی پلان کی منظوری دے دی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 5 دسمبر 2016 13:42

وزیراعظم نواز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کے مالیاتی پلان کی منظوری دے ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 دسمبر۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے دیامر بھاشا ڈیم کے مالیاتی پلان کی منظوری دے دی ہے۔ دیا مر بھاشا ڈیم کا مالیاتی پلان سیکرٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا نے وزیراعظم نواز شریف کو پیش کیا جس کی وزیراعظم نے منظوری بھی دے دی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پانی و بجلی کی جانب سے وزیرعظم کو پیش کئے گئے پلان کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کی تازہ تجویز خود انحصاری پر مبنی ہے، ڈیم کی تعمیر پی ایس ڈی پی فنڈز اور واپڈا کے وسائل سے کی جائے گی جب کہ بجلی گھر کی تعمیر کے منصوبے کے لئے کمرشل بنیادوں پر فنڈز حاصل کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے دیا مر بھاشا ڈیم منصوبے کے لئے اراضی کے حصول کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سیکرٹری پانی وبجلی، منصوبہ بندی اور سیکرٹیر خزانہ کو پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف نے سیکرٹری پانی و بجلی کو منصوبے کی تعمیر 2017 سے قبل شروع کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم میں 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی جب کہ اس منصوبے سے 4 ہزار 500 میگا واٹ بجلی بھی پیدا کی جا سکے گی۔