فائر فائٹنگ کے جدید آلات ،گاڑیوں کی کمی کے باعث فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے،ندیم نصرت

کراچی پاکستان کی معیشت کی ریڑ ھ کی ہڈی ہے ،بدقسمتی سے قومی خزانے میں 70فیصد ٹیکس جمع کرانے والا شہر بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، ایم کیوایم لندن

پیر 5 دسمبر 2016 13:39

فائر فائٹنگ کے جدید آلات ،گاڑیوں کی کمی کے باعث فائر بریگیڈ کے عملے ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ندیم نصرت نے کراچی کے نجی ہوٹل میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی کے نتیجے میںدس سے زائد افراد کی ہلاکت اور تیس سے زائد افراد کے زخمی ہونے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے شہر میں نئے فائر ٹینڈرز اور اور آگ بجھانے کے ضروری آلات کی عدم فراہمی اور پرانی گاڑیوں و آلات کی بروقت مرمت نہ ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ شدید زبوں حالی کا شکار ہے۔

فائر فائٹنگ کے جدید آلات اور گاڑیوں کی کمی کے باعث فائر بریگیڈ کے عملے کو آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ندیم نصرت نے کہا کہ شہر کراچی پاکستان کی معیشت کی ریڑ ھ کی ہڈی ہے لیکن بدقسمتی سے قومی خزانے میں ستر فیصد ٹیکس جمع کرانے والا شہر بنیادی شہری سہولتوں سے محروم ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کے شہری یہ بات سوچنے پر مجبور ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس شہرکے ساتھ یتیموں جیسا سلوک کیو ں روا رکھی ہوئی ہیں۔

ندیم نصرت نے کہا کہ بڑی عمارتوں میں مناسب حفاظتی اقدامات اور فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کی جدید خطوط پر تشکیل نو سے قیمتی جانی نقصان سے بچا سکتا ہے۔ندیم نصرت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام اور انسانی جانوں کے ضیاع سے بچنے کے لئے مربوط اقدامات کئے جائیںاور ہنگامی بنیادوں پر جدید گاڑیوں اور آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔