آسٹریا،صدارتی انتخابات میں کٹر دائیں بازو کے امیدوار کو شکست

پیر 5 دسمبر 2016 13:19

ویانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 دسمبر2016ء)آسٹریا کے صدارتی انتخابات میں کٹر دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے امیدوار نوربرٹ ہوفر کو شکست ہو گئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریا کے صدارتی انتخابات میں کٹر دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے امیدوار نوربرٹ ہوفر کو شکست ہو گئی ہے ۔ان کی مہم کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہوفر نے آزاد امیدوار الیگزینڈر وان ڈر بیلین کے حق میں شکست تسلیم کر لی ہے۔

آسٹریا کی صدارت زیادہ تررسمی نوعیت کی ہوتی ہے، تاہم ان انتخابات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی یونین میں آئندہ انتخابات میں لوگ کس جانب جانب جھک رہے ہیں۔ابتدائی اندازوں کے مطابق گرین پارٹی کے سابق سربراہ الیگزینڈر وان ڈر بیلین کو واضح اکثریت حاصل تھی۔یہ انتخابات مئی میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں بیضابطگیوں کے الزامات کے بعد دوبارہ منعقد کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ یورپی یونین میں اسٹیبلشمنٹ کی جماعتیں ان نتائج کا خیرمقدم کریں گی۔فرانس، جرمنی اور نیدرلینڈز میں اگلے برس انتخابات ہو رہے ہیں جن میں مرکزی دھارے سے ہٹی ہوئی جماعتیں اور امیگریشن کی مخالف جماعتیں زور پکڑ رہی ہیں۔ہوفر نے آسٹریا میں پناہ گزینوں کی بڑی تعداد میں آمد کے بعد امیگریشن مخالف موقف اختیار کیا تھا۔انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ یورپی یونین سے نکلنے کے لیے آسٹریا میں بھی بریگزٹ کی طرز پر ریفرینڈم منعقد کروایا جانا چاہیے۔تاہم انھوں نے اپنے موقف میں نرمی لاتے ہوئے تجویز دی تھی کہ یورپی یونین کو صرف ایک معاشی زون بنایا جانا چاہیے۔