بھارتی ریاست تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا دل کا دورہ پڑنے سے چل بسیں

پیر 5 دسمبر 2016 12:31

بھارتی ریاست تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا  دل کا دورہ پڑنے سے چل ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2016ء) بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی ہیں۔ جے للیتا کچھ عرصے سے علیل تھیں اور چند ہی روز قبل انھوں نے بطورِ وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں نائب وزیراعلیٰ کو سونپی تھیں۔ جے للیتا کی عمر اڑسٹھ سال تھی اور وہ بائیس ستمبر سے ہسپتال میں زیرعلاج تھیں۔

ماضی کی فلمی ہیروئن جے للیتا ریاست تامل ناڈو میں بہت مقبول تھیں اور وہ اہم علاقائی سیاسی جماعت ‘اے آئی اے ڈی ایم کے’ کی سربراہ تھیں۔ جے للیتا کے مداح انھیں اماں کہہ کر پکارتے تھے۔ جے للیتا پر کئی بار بدعنوانی کے الزامات عائد کیے گئے اور دو ہزارچودہ میں کرپشن کے مقدمات میں کچھ عرصہ انھوں نے جیل میں بھی گزارا۔

(جاری ہے)

جے للیتا پر آمدنی سے زیادہ اثاثہ جات کے معاملے میں مجرم قرار دیتے ہوئے چار برس قید اور سو کروڑ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

بھارت میں ‘ویجیلینس’ کے محکمے کا کہنا تھا کہ انیس سو اکانوے میں جب جے للیتا وزیراعلی بنیں تو ان کے تمام اثاثوں کی مالیت تین کروڑ روپے تھی۔وزیراعلی بننے کے بعد ان کے پاس کئی بینک کھاتوں میں کروڑوں روپے کے علاوہ مختلف ناموں کی کمپنیاں، تیس کلو سونا، ایک تفریحی مقام کے پاس ایک ہزار ایکڑ زمین اور بارہ ہزار ساڑھیاں پائی گئی تھیں۔ جے للیتا کا موقف ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ ان کے خلاف یہ مقدمہ ایک سیاسی سازش ہے۔

متعلقہ عنوان :