بھارت کی پالیسی پاکستان کو نقصان پہنچانا لیکن ایسا نہیں ہو گا ،وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی

اتوار 4 دسمبر 2016 23:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بھارت کی پالیسی پاکستان کو نقصان پہنچانا لیکن ایسا نہیں ہو گا کیونکہ دنیا جانتی ہے کہ حالات کیا ہیں۔ اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا بنیادی فوکس افغانستان پہ ہے کہ کس طرح اس کی مدد کی جائے اور خطے میں جو مسائل افغانستان کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں انہیں کیسے حل کیا جائے، ہارٹ آف ایشیا کی یہ پہلی کانفرنس نہیں بلکہ چھٹی میٹنگ ہے جو ہائی لیول پر پورے ریجن میں ہوئی ہیں۔

چین، ترکی، پاکستان اور قزاقستان میں بھی یہ کانفرنس ہو چکی ہے اور اب یہ بھارت میں ہوئی ہے جس کو چالیس ملک سپورٹ بھی کرتے ہیں جس میں ساری بڑی طاقتیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس میں افغانستان کے حالات کی بہتری پر بات ہونی چاہیے تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حکومت بھارت کے ہاتھوں کھیل رہی ہے اور اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے پاکستان پر الزام لگا رہی ہے۔ افغان حکام کو یہ دیکھنا چاہیے کہ پاکستان ماضی میں افغانستان کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کیا کچھ کرتا رہا ہے اور آج بھی ان کے لیے کیا کچھ کر رہا ہے۔