صنعتکاروں کے تعاون سے سیالکوٹ کے عوام کیلئے ائیر سیال انمول تحفہ ہو گی ،فضل جیلانی

اتوار 4 دسمبر 2016 20:50

سیالکوٹ۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)سابق صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی نے کہا ہے کہ صنعتکاروں کے تعاون سے سیالکوٹ کے عوام کیلئے ائیر سیال بہترین اور انمول تحفہ ہو گی ، سیالکوٹ کے صنعتکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت شہر اقبال کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ، صنعتکاروں کی جامعہ اور مربوط حکمت عملی کی وجہ سے شہر اقبال کانام آج پوری دنیا میں گونج رہا ہے اور سیالکوٹ کے ہنر مندوں کو عالمی برادری قدر کی نگا ہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیر پورٹ کا قیام صنعتکاروں کا عظیم کارنامہ ہے اور اس سے قبل بھی بزنس کمیونٹی نے شہر اقبال میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس ، ڈرائی پورٹ اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا ہے ، صنعتی برادری نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے علاوہ سیالکوٹ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بے شمار اقدامات اٹھائے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ ائیر سیال کا مقصد صنعتکاروں اور شہریوں کو بہتر اور جدید سفری سہولیات مہیا کرنا ہیں جس کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔