پیپلزپارٹی نے پاکستان میں پانامالیکس کا بیڑا غرق کرنے کی کوشش کی ہے، ڈاکٹر عارف علوی

قطری شہزادے کا وزیراعظم نے اپنے کیس میں لیٹر جمع کرایا ہے ، ہم قطر کو اپنا دوست سمجھتے ہیں لہٰذا شہزادے کو اس وقت یہاں آنے سے روکا جانا چاہئے، کلچر ڈے پر خطاب

اتوار 4 دسمبر 2016 20:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کلچر ڈے کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پاکستان میں پانامالیکس کا بیڑا غرق کرنے کی کوشش کی ہے ۔ پیپلزپارٹی کی پالیسیوں کی وجہ سے پورے ملک سے پارٹی ختم ہورہی ہے اور اگر یہی صورتحال رہی تو سندھ میں بھی پیپلزپارٹی کا خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پانامالیکس میں ملوث ہے اور قطری شہزادے کا وزیراعظم نے اپنے کیس میں لیٹر جمع کرایا ہے ، ہم قطر کو اپنا دوست سمجھتے ہیں لہٰذا قطری شہزادے کو اس وقت یہاں آنے سے روکا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ملک کی ہی نہیں صوبہ سندھ کو بھی تباہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ صوبہ وسائل سے مالا مال ہے ، یہ امن کی دھرتی ہے لیکن یہاں بدامنی کا دور دورہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ(ن) کے ساتھ مک مکا کیا ہوا ہے ۔ پہلے وہ کہتے تھے کہ پانامالیکس کے حوالے سے عید کے بعد سڑکوں پر نکلیں گے ، پھر انہوں نے کہاکہ عیدالاضحی کے بعد نکلیں گے اور اب وہ اور آگے کی تاریخ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کیخلاف سب سے پہلے تحریک انصاف میدان میں نکلی ، عوام ہمارے ساتھ ہیں جس جماعت نے ہمارا ساتھ دینا ہے وہ آئے ہم اسے خوش آمدید کہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ طاہرالقادری کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ مل کر حکومت کیخلاف جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ شاہ لطیف ، لعل شہباز قلندر ، سچل سرمست اور سامی کی دھرتی ہے، ہم یہاں محبت و بھائی چارہ چاہتے ہیں لیکن یہاں کی دولت لوٹ کر بیرون ملک کسی کو لے جانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے قطر کی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے شہزادے کو واپس بلائیں کیونکہ یہاں پانامالیکس کا اتنا بڑا مقدمہ چل رہا ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ خاوند بخش جہیجو، ذوالفقار ہالیپوٹہ، ڈاکٹر مستنصر باللہ اور دیگر بھی موجو دتھے۔