وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کاانٹر نیشنل والنٹیئرڈے کے موقع پر پیغام

اتوار 4 دسمبر 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ والنٹیئرز سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات میں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر مصیبت میں گھری انسانیت کی مدد کیلئے آگے بڑھتے ہیں اور وہ بغیر کسی مالی منعفت کی توقع کے سچے جذبے کیساتھ کام کرتے ہیںجو کہ ایک نیک مقصد ہے ۔ والنٹیئرز ثقافت ، زبان اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہو کر کام کرتے ہیں اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں۔

رضا کارانہ خدمات سرانجام دینے والی تنظیمیں ، ادارے اور افراد کا کردار معاشرے کیلئے ایک مثالی حیثیت کا حامل ہے اور ان کی والنٹیئرسروسز قابل فخر ہیں-وزیر اعلیٰ نے انٹر نیشنل والنٹیئرڈے کو موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد والنٹیئرسروسز کی اہمیت کو اجاگر کرکے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو والنٹیئر سروسز کی جانب راغب کرنا ہے - بلا شبہ یہ دن معاشی ، معاشرتی ، سماجی ترقی اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں مقامی ، قومی اور عالمی سطح پر مل کر کام کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہی- انہوں نے کہا کہ حلال احمر ، سکاؤٹس اور دیگر تنظیمیں عالمی سطح پر بہترین والنٹیئر سروسز فراہم کر رہی ہیں -غربت ، افلاس، بیماری ،جہالت ، تحفظ ماحولیات اور خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے اہداف کے حصول میں بھی رضا کارانہ تنظیموں کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا - حکومت پنجاب پائیدار ترقی کے لئے صحت مند اور محفوظ معاشرے کی اہمیت پر یقین رکھتی ہے، اسی لئے ہم ایسی پالیسیاں مرتب کر رہے ہیں جن کی مدد سے ہم عوام کو صاف ستھرا اور بیماریوں سے پاک ماحول فراہم کرسکیں۔

(جاری ہے)

ڈینگی کے خاتمے کے خلاف ایک کامیاب مہم، ائیر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم کا قیام اور حالیہ سموگ سے بچائو کے کامیاب اقدامات ان پالیسیوں کا عملی نمونہ ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی بہت سے مسائل کی وجہ ہے اور ان سے ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو بچا کر ایک بہتر مستقبل فراہم کرنے کے لئے تسلسل کیساتھ اقدامات اٹھانا ہو ں گے اور اس مقصد کیلئے مقامی سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو محافظ‘‘ کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ عوام کی مدد سے بروقت ایمرجنسی ریسپانس، طبی امداد، صاف پانی اور سیوریج کی بہتر انتظام کاری، عمارتوں میں حفاظتی اقدامات بہتر بنانے اور ماحولیاتی شفافیت کے عمل کو آسان اور دیرپا بنایا جاسکے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عالمی سطح پر اس دن کے منانے کا بنیادی مقصد رضا کارانہ خدمات کے بارے میں آگاہی اور شعور کو اجاگر کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں آج کے دن کی مناسبت سے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ عوام ریسکیو محافظ کا حصہ بنیں اور محافظ موبائل ایپ کے ذریعے اپنا اندراج ریسکیو محافظ کے طو رپر کروائیے تاکہ ہم مل کر ایک صحت مند، محفوظ اور مثالی معاشرے کی تعمیر کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :