پانامہ کیس کے حوالے سے ہمیں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے‘ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اتوار 4 دسمبر 2016 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کے حوالے سے ہمیں کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ ہمارا دامن صاف ہے اور ہم پر عزم ہیں کہ وزیراعظم محمد نواز شریف عدالتوں سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، پاکستان تحریک انصاف ہم پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے، پانامہ پیپرز سمیت ہمارے اوپر جتنے بھی الزامات لگائے ان میں سے کسی ایک کا بھی کوئی ثبوت آج تک یہ لوگ عدالت میں پیش نہیں کر سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سڑکوں پر بلاوجہ کے احتجاج، گالم گلوچ اور دھرنوں سے اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہی نہیں ۔.یہ لوگ پیشن گوئیوں اور قیاس آرائیوں پر ہی لگے ہوئے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت قوم کو گمراہ کر رہی ہے اور قوم کا اور عدالت عالیہ کا قیمتی وقت ضائع کر رہی ہے جس کا لوگوں کو بخوبی علم ہو چکا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کے سنجیدہ حلقوں کو یہ معلوم ہے کہ وہ اندر سے پھنس چکے ہیں لیکن ان کی قیادت نہ مانوں کی ضد پر اٹکی ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدالت کی روزمرہ کی کارروائی کے ریمارکس اس بات کا تعین نہیں کرتے کہ کیس کس طرف جا رہا ہے اس لیے ہمیں خود سے قیاس آرائیاں کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کا سڑکوں پر آنے کی بجائے عدالت کے ذریعے معاملات کے حل کے لیے کوشش کرنے کا عمل خوش آئند ہے کیونکہ ان کی سڑکوں پر نکل کر بلاوجہ احتجاج اور دھرنے کی پالیسی اور طرز سیاست سے ملک و قوم کا کافی نقصان ہو رہا ہے۔ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری بھی متاثر ہو رہی ہے جس سے ملکی معیشت کا بھی کافی نقصان ہو رہا ہے لیکن اب ان کا عدالت میں جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اس لیے انہیںعدالت عظمیٰ کے فیصلے کا انتظار بھی کرنا چاہیے اور پھر اسے قبول بھی کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :