سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتما م ایک روزہ سیمینار منعقد

اتوار 4 دسمبر 2016 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) سی ڈی اے مزدور یونین کے زیر اہتما م پاکستان ورکرز فیڈریشن اور ایل او ایف ٹی ایف کے باہمی اشتراک سے ایک روزہ سیمینار بعنوان "بلدیاتی نمائندوں اور ٹریڈ یونینز کے درمیان باہمی رابطہ کاری اور لیبر قوانین سے آگاہی"منعقد ہوا۔ سیمینار میں ایل او ایف ٹی ایف کے کنٹری ڈائریکٹر جینز اروپ ،پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اور آئی ایل او گورننگ باڈی کے ممبر ظہور اعوان ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،پروجیکٹ منیجر ایل او ایف ٹی ایف شوکت علی انجم اور اسلام آباد سے منتخب ہونے والے مختلف یونین کونسلز کے جنرل کونسلرز،لیڈیز کونسلرز ،اقلیتی اور یوتھ کونسلرز نے شرکت کی۔

سیمینار میں لیبرقوانین جس میں سوشل سیکورٹی ،ای اوبی آئی ،ورکرویلفیئر فنڈ ،چائلڈ لیبر کا خاتمہ ،جبری مشقت کا خاتمہ اور خواتین سے امتیازی سلوک کے علاوہ ٹریڈ یونین اور عوامی نمائندوں کے درمیان باہمی رابطہ کاری کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے سب سے پہلے بلدیاتی نظام کو خوش آمد ید کہا کیونکہ دارالحکومت اسلام آباد میں یہ نظام پہلی دفعہ رائج ہونے جا رہا تھا، اس نظام کی وجہ سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہونگے اور عوامی مسائل لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ بھی ہماری طرح عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر آئے اور آپ کو ووٹ دینے والوں کی اکثریت بھی غریب اور محنت کش طبقے پر مشتمل ہے اور یہی وہ رشتہ ہے جو آپ اور ہمارے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتا ہے لہذا وقت کا تقاضا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں اور ٹریڈ یونینز کے درمیان باہمی رابطہ جدید بنیادوں پر قائم ہو تاکہ محنت کش طبقے کے مسائل حل کرنے میں مدد مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایل او گورننگ باڈی کے ممبر اور جنرل سیکرٹری پاکستان ورکرز فیڈریشن ظہور اعوان نے منتخب نمائندوں سے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین کے رہنماء چوہدری محمد یٰسین نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو محنت کش طبقات کے مسائل سے مزید روشناس کرانے اور انکے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں جن سفارشات کا مطالبہ کیا ہے ہم اپنی بین الاقوامی تنظیم کے قائدین سے جلد بات چیت کر کے ان پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہیں ،لوگوں کی منتخب بلدیاتی نمائندوں سے بہت سی توقعات ہیں لہذا آپ لوگو ں کو بھی اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ محنت کشوں سے رابطہ رکھنا اور لیبر قوانین سے واقفیت ہونا ضروری ہے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایل او ایف ٹی ایف کے کنٹری ڈائریکٹر جینز اروپ نے کہا کہ جمہوریت کی ترقی کے لیے محنت کش کو ان کے بنیادی حقوق دینا بہت ضروری ہے ایسے سیمینار منعقد کرانے کا مقصد یہ ہے کہ جن ممالک کی ٹریڈ یونین مضبوط نہیں اور بلدیاتی نمائندے لیبر قوانین سے آگاہ نہیں ان لوگوں کو ایسے پروگراموں کے ذریعے قوانین سے روشناس کرانا ہے ،ایسے پروگراموں کو منعقد کرانے کے لیے فنڈ کی فراہمی اور ان کا بندوبست کرنا ہماری ذمہ داری ہے کیونکہ ہماری اسی کاوش کی بدولت محنت کش طبقہ اور منتخب نمائندے ان مسائل سے روشناس ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقے کو انکے حقوق ملنے کی وجہ سے ترقی اور جمہوریت ساتھ ساتھ چلتی ہے اور محنت کش طبقے کو اگر حقوق نہ دیے جائیں تو ترقی اور جمہوریت پروان نہیں چڑھ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی جمہوریت میں ترقی کا سلسلہ جب پروان چڑھتا ہے جب وہاں کی عوام کے لیے صحت ،تعلیم اور رہائش کی بنیادی سہولیات فراہم ہو۔

متعلقہ عنوان :