نیوٹیک کے زیر اہتمام ہنرمندی کے علاقائی مقابلے (آج) سے شروع ہوں گے

اتوار 4 دسمبر 2016 20:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے زیر اہتمام (آج) پیر سے ہونے والے ہنرمندی کے علاقائی مقابلوں سے نوجوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بڑھانے میں مدد ملے گی اور یہ طلبہ کے مورال میں اضافہ بارے اہم اقدام ہے۔ اتوار کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق پیشہ وارانہ ہنرمندی اور مہارت دکھانے کے ان مقابلوں سے نوجوان پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کی طرف راغب ہوں گے۔

ان علاقائی مقابلوں میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت طلبہ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے اور وہ مقابلوں کے دوران 6 شعبہ جات میں اپنی اپنی ہنر مندی اور مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ان شعبہ جات میں آٹوکیڈ، جنرل الیکٹریشن، پلمبنگ، پائپ فٹنگ، بیوٹیشن، فیشن ڈیزائننگ اور ملبوسات سازی شامل ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نیوٹیک کے زیر اہتمام قبل ازیں ملک بھر میں ہنرمندی کے زونل سطح کے مقابلے ہوئے تھے اور ان مقابلہ جات میں جیتنے والے اب صوبائی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ دریں اثناء نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ مہارت کے آج شروع ہونے والے مقابلہ میں نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے پر بھرپور توجہ دی گئی ہے تاکہ وہ ملک کے اندر اور بیرونی ممالک میں بہتر اور اچھی ملازمتیں حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تکنیکی اور پیشہ وارانہ ہنرمندی سے آراستہ کرنا کسی بھی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کی راہیں کھول دیتا ہے۔ ان مقابلوں کی ہر ٹریڈ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن لینے والوں کو بالترتیب 75 ہزار روپے، 50 ہزار اور 30 ہزار روپے کے انعامات دیئے جائیں گے۔