رینجرز کی جانب سے کلفٹن کے علاقے سی ویو پر امن واک کا انعقاد

ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں کی شرکت طلبہ اور اساتذہ سمیت شہریوں نے پاکستان رینجرز سندھ کے حق میں نعرے لگائے

اتوار 4 دسمبر 2016 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 دسمبر2016ء) رینجرز کی جانب سے کلفٹن کے علاقے سی ویو پر امن واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق رینجرز کی جانب سے منعقدہ امن واک کا آغاز سی ویو پر ولیج ریسٹورنٹ کے قریب سے کیا گیا اس دوران اسکول کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ سمیت شہریوں نے پاکستان رینجرز سندھ کے حق میں نعرے لگائے۔

اس موقع پر شہریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے کراچی میں قائم امن و امان کے حوالے سے رینجرز کی قربانیوں کا سراہانے کا موقع ملتا ہے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ماہ دسمبر کو ماہ قائد کے نام سے منارہے ہیں اور اس حوالے سے سندھ رینجرز نے ایسی صحت مندانہ تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے قیام پاکستان میں قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد سے عوام کو روشناس کرایا جائے گا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق آج کی امن واک بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے واک نشان پاکستان پارک سی ویو پر اختتام پزیر ہوئی جہاں ایک تقریب کے دوران اسکول کے طالب علموں اور مقررین نے پاکستان کے حصول میں قائد اعظم کے کردار اور پاکستان کی ترقی کیلئے عوام کے رول پر روشنی ڈالی۔خیال رہے سندھ رینجرز کی جانب سے ماہ دسمبر کو ماہ قائد کے نام سے منسوب کر کے خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، رینجرز حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد قائد اعظم کی جدوجہد کو روشناس کروانا ہے۔اس ضمن میں شہر کی اہم عمارتوں پر قائد اعظم کے تصاویری پورٹریٹ اور اٴْن کے افکار والے بینرز آویزاں کیے جائیں گے تاکہ عوام محمد علی جناح کی جدوجہد سے واقف ہوں اور اس ملک کی قدر کریں۔