باڑیز نے گارڈ گروپ کی ٹیم کو شکست دیکر لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ جیت لیا

سب سڈری فائنل میں حبیب میٹرو لائنز نے الائیڈ بینک کو آدھے گول سے شکست دیدی

اتوار 4 دسمبر 2016 19:40

لاہور۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ 2016ء کے فائنل میں باڑیز نے گارڈ گروپ /نیوایج کی ٹیم کو 8-7 سے ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی جنرل (ر) جہانگیر کرامت، مسزتمیز جنرل شاہ رفیع عالم، لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر،اسحاق خان خاکوانی، شاہ قبلائی عالم، شاہ شمیل عالم، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اعظم حیات نون، ثاقب خان خاکوانی اور بڑی تعداد میں شائقین موجود تھا۔

حسام علی حیدر نے گارڈ گروپ /نیوایج کی طرف سے پہلا گول سکور کرکے برتری حاصل کرلی مگر حمزہ مواز خان نے فوری گول برابر کردیا۔ تیسرے چکر تک دونوں ٹیموں کے درمیان میچ برابر تھا۔ آخری چکر میں حمزہ مواز خان نے باڑیز کی ٹیم کو دو گول کی برتری دلا دی۔

(جاری ہے)

حسام علی حیدر نے خوبصورت گول سکور کرکے برتری کم کردی۔ اس طرح باڑیز کی ٹیم نے میچ 8-7 سے جیت لیا۔

باڑیز کی طرف سے حمزہ مواز خان نے چھ گول جبکہ راجہ سمیع اللہ نے دو گول سکور کیے۔ گارڈ گروپ /نیوایج کی طرف سے حسام علی حیدرنے 4 گول جبکہ تیمور علی ملک، المان جلیل اعظم اور عدنان جلیل اعظم نے ایک ایک گول سکور کیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں حبیب میٹرو لائنز نے الائیڈ بینک کو دلچسپ مقابلے کے بعد آدھے گول سے شکست دیدی۔ حبیب میٹرو کی ٹیم کو آدھے گول کا ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ حبیب میٹرو لائنز کی طرف سے احمد علی ٹوانہ نے تین گول سکور کیے جبکہ الائیڈ بینک کی طرف سے ثاقب خان خاکوانی نے تین گول سکور کیے۔ اختتامی تقریب میں جنرل (ر) جہانگیر کرامت نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔حمزہ مواز خان کو مین آف دی میچ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :