افغانستان ، سیکورٹی فورسزکے آپریشن میں 37طالبان جنگجو ،12افغان پولیس اہلکار ہلاک

امریکی ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں داعش کے اہم رہنما سمیت 3جنگجو مارے گئے

اتوار 4 دسمبر 2016 19:30

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء) فغانستان کے صوبہ قندھار میں سیکورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران 37طالبان جنگجو اور12افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ امریکی ڈرون حملے اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں داعش کے اہم رہنما سمیت 3جنگجو مارے گئے ۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ قندھار میں سیکورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران 37طالبان جنگجو اور12افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔

صوبائی پولیس کے ترجمان ضیاء درانی نے صحافیوں کو بتایاکہ قندھار کے ضلع نش میں کیے گئے آپریشن میں 12پولیس اہلکار ہلاک اور 8دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک سینئر پولیس افسر بھی شامل ہے ۔انکا کہنا تھاکہ شدت پسند ضلع میں خطرہ ہیں انکے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

میڈ یا رپورٹس کے مطابق ضلع نش میں سیکورٹی آپریشن ارزگان کی طرف سے سینکڑوں طالبان جنگجوئوں کے ضلع میں داخل ہوکر سیکورٹی چیک پوسٹوں پر حملوں کے بعد شروع کیا گیاہے ۔

ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے 2جنگجو مارے گئے ۔صوبائی پولیس کمانڈنٹ نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ڈرون حملہ ضلع آچن میں کیا گیا۔حملے میں شہریوںکاکوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شمالی صوبہ جائوزجان میں سیکورٹی فورسزکے ساتھ جھڑپ میں داعش کا اہم رہنما مارا گیا۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے سینئر لیڈر کی شناخت محمد ناصر کے نام سے ہوئی ہے جسے ضلع درزاب میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد آپریشن میں ہلاک کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے سربراہ رحمت اللہ ہاشر نے تصدیق کی ہے کہ جھڑپ میں دہشتگرد گروپ کے 2ارکان زخمی بھی ہوئے ہیں۔