امیرالدین میڈیکل کالج ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا،پروفیسر غیاث النبی طیب

اتوار 4 دسمبر 2016 19:00

لاہور۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے نئے تعلیمی سیشن میں داخلہ لینے والے طلباء و طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ تندہی کے ساتھ طبی تعلیم کے حصول پر توجہ دیں اور اپنے مقصد کو کامیابی سے حاصل کر کے بحیثیت ڈاکٹر قوم و ملک کی خدمت کریں ، انہوں نے کہا کہ قوم کو اس وقت اچھے اور قابل ڈاکٹروں کی اشدضرورت ہے ، وزیر اعلی کی طرف سے قائم کردہ امیرالدین میڈیکل کالج ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، انہوںنے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور محکمہ صحت پنجاب نے صوبے میں طبی سہولیات کی مفت اور فوری فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں ، امیر الدین میڈیکل کالج آنے والے وقتوں میں نہ صرف لاہور شہر بلکہ پورے صوبے کا قیمتی اثاثہ ثابت ہو گا اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبا و طالبات طبی شعبے میں شاندار خدمات سرانجام دیں گے -