شاہی خاندان کے خوشامدیوں کو کچھ نہیں ملے گا ، حکمران جلد عوام کے کٹہرے میں ہوں گے ‘عبدالعلیم خان

بلند دعوے کرنے والوں کی 98ارب کی کرپشن اور عالمی ممالک میں 166واں نمبر لمحہ فکریہ ہے، این ای122کے مختلف علاقو ں کا دورہ ، جلد فری ڈسپنسریوں کے آغاز کا اعلان

اتوار 4 دسمبر 2016 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شاہی خاندان کے خوشامدیوں کو پہلے کچھ ملا ہے اور نہ ہی آئندہ کچھ ملے گا پرویز رشید کا انجام سب کے سامنے ہے اب ایاز صادق بھی اپنا شوق پورا کر لیں اور وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس روکنے اور عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر کے دیکھ لیں ،حکمرانوں کے پاس بہت کم وقت باقی ہے اور جلد ہی یہ سب عوام کے کٹہرے میں ہو ں گے ۔

یہاں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلند و بانگ دعوے کرنے والوں کی حکمرانی میں خودآڈیٹر جنرل کی سالانہ رپورٹ 98ارب روپے کی کرپشن کی ریکوری ظاہر کر رہی ہے جبکہ ٹیکسوں کے فراڈ اور سرکاری محصولات کی عدم وصولی کے باعث68ارب روپے کا نقصان چشم کشا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی رپورٹ کے مطابق رشوت اور بد عنوانی میں پاکستان کا 166واں نمبر بھی لمحہ فکریہ ہے جس پر تجربہ کاری کا دعوی کرنے والوں کو اپنی پوزیشن واضح کرناہو گی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس وقت ساری قوم کی نظریں آنے والے دنوں پر ہیں جس میں انشاء اللہ کامیابی تحریک انصاف کو ہو گی اور قومی دولت لوٹنے والوں کو اپنے کیے کا حساب دینا ہو گا ۔دریں اثناء عبدالعلیم خان نے ایم پی اے شعیب صدیقی کے ہمراہ این ای122اور پی پی 147کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل کا جائزہ لیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خا ن نے کہا کہ ان علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے بعد بہت جلد فری ڈسپنسریوں کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے پائلٹ پراجیکٹ نے پہلے ہی کام کا آغا ز کر دیا ہے اور جہاں مریضوں کو مفت طبی سہولتوں کی فراہمی جاری ہے انہوں نے کہا کہ اگر میاں میر ہسپتال کو مکمل طور پر فنکشنل کر دیا جاتا تو سرکاری ہسپتالوں پر دباؤ کم ہو سکتا تھا لیکن حکمرانوں نے اپنی انا ء اور سیاسی مخالفت کو عوامی فلاح و بہبود پر ترجیح دی ہے اسی طرح جمیلہ آباد سیوریج و پارک کا منصوبہ بھی میاں برادران کی تختی نہ ہونے کی بھینٹ چڑھ گیا ہے اس موقع پر دیگر مقررین نے علاقے کی عوام کیلئے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کچی آبادیوںکو مالکانہ حقوق دلانے سے لے کر واٹر فلٹریشن پلانٹ اور فری ڈسپنسریوں کا قیام عبدالعلیم خان کے ایسے اقدامات ہیں جنہیں کوئی شہری فراموش نہیں کر سکتا ۔

متعلقہ عنوان :