Live Updates

ناکام ملکی خارجہ پالیسی رسوائی کا باعث بنی‘ میاں محمود الر شید کا اشرف غنی کی ہرزہ سرائی پر ردعمل

یہ جمہوریت نہیں جمہوریت کی فوٹو کاپی ہے، ڈگری ہولڈر بیروگار ہے، محنت کش روٹی سے محروم ہیں اور حکمرانوں کے نکمے بچے آف شور کمپنیوں کے مالک بن بیٹھے ہیں، پنجاب میں وزراء ناگزیر تھے تو شہباز شریف کو پا نا مہ سے پہلے کیوں یاد نہیں آیا ‘صحافیوں سے بات چیت

اتوار 4 دسمبر 2016 17:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ مودی کے بعد اب اشرف غنی کا رویہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، ناکام ملکی خارجہ پالیسی رسوائی کا باعث بنی۔انہوں نے امرتسر میں افغان صدرر کی ہرزہ سرائی پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اشرف غنی احسان فراموش ہیں، پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی ،افغان امن عمل سمیت پڑوسی ملک کیلئے کئی قربانیاں دیں لیکن اشرف غنی نے مودی کی زبان کا استعمال کر کے 20کروڑ پاکستانیوں کی تو ہین کی۔

پنجاب پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ شریف حکومت اپنی کرپشن کے باعث اتنی کمزرو ہے کہ اب افغان صدر اشرف غنی بھی زہر اگلنے لگے ہیں، بھارت کی پاکستانی سرحدوں پر فائرنگ ہو یا مودی کا سخت بیان ہوں لیکن نواز شریف کی خاموشی اور ٹھوس موقف نہ اپنانے پر اب بنگلہ دیش اور افغانستان جیسے دوست ملکوں نے بھی افسوسناک بیانات دینے شروع کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملکی خارجہ پالیسی کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو حکومت اپنے دور اقتدار میں وزیر خارجہ نہ بنا سکے اس کی خارجہ پالیسی کیا ہو گی ایک سوال کے جواب میں میاں محمود الر شید نے کہا کہ یہ جمہوریت نہیں جمہوریت کی فوٹو کاپی ہے۔ حکمرانوں عوامی مسائل سے غافل ہیں، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی بد تر ہے، ڈگریاں لئے نوجوان بے روزگار ہیں، غریب محنت کش کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں اور حکمرانوں کے نکمے بچے آف شور کمپنیوں کے مالک بن بیٹھے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میںاپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے آخری سال میں وزراء کی فوج تیار کر لی ہے پہلے شہباز شریف یہ بتائیں انکی ضرورت کیا تھی اور اگر یہ ناگزیر تھے توپا نا مہ سے پہلے کیوں یاد نہیں آیا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس کے دعویدار حکمرانوں نے صوبے کو کرپشن اوربد امنی کا گڑھ بنا لیا، لاہور جیسے شہر میں شہری دن دیہاڑے لٹ رہے ہیں، نندی پور پاور پراجیکٹ اور میٹرو بس منصوبے میں کرڑووں کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں آڈٹ اور پکڑے جانے کے ڈر سے دونوں کے ریکارڈ کو ضائع کر دیا گیا اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پا نا مہ اپنے منطقی انجام کو ہے حکمران جلد اپنے درست ٹھکانوں اور مقام پر ہوں گے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات