بچوں کو کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، ثریا نسیم

اتوار 4 دسمبر 2016 16:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 دسمبر2016ء)طلباء و طالبات کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی جانب راغب کرنے والے ادارے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہیں لہٰذا مثبت سرگرمیوں کی جانب بچوں کو راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز یونٹی فیصل آباد کے مرکزی چیئرمین چوہدری طاہر نے چلڈرن سپورٹس فیسٹیول منعقد کرکے بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار ایم پی اے ثریا نسیم نے فیسٹیول کے آخر ی روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز یونٹی فیصل آباد کے مرکزی چیئرمین چوہدری طاہر نے بچوں کے میلہ میں آنے والے معزز مہمانوں ، نجی سکولز کے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز یونٹی فیصل آباد میں گزشتہ سات سال سے بچوں کی مثبت تفریح کے لیے پروگرام منعقد کرتی آرہی ہے جس کو ضلع بھر کے تمام نجی سکولز نے بے حد سراہا ہے، بچوں کے والدین کی بھی بہت بڑی تعداد میں شرکت بھی ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہے گا۔ فن لینڈ میں ہونے والے میلہ میں بچوں نے بھرپور کھیلوں میں حصہ لیا ، ون مین شو، کامیڈی شو ، میجک شو ، نیلام گھر ، پی ٹی شو اور میوزیکل بینڈ میں طلباء و طالبات نے گہری دلچسپی لی، اس موقع پر کتب کے سٹال بھی لگائے گئے تھے جبکہ خواتین کے لیے جیولری کے سٹال بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔