ْفیروز پور روڈ سمیت صنعتی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، عبدالباسط

اتوار 4 دسمبر 2016 16:30

لاہور۔04 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا سمیت تمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں انڈسٹریل یونٹس میں انفراسٹرکچر کی بہتری سمیت تمام ضروریات کی فراہمی یقینی بنائے ۔ عدنان خالد بٹ کی سربراہی میں فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کو بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی سمیت تمام ضروریات کی دستیابی یقینی بنانا ضروری ہے تاکہ یہ محاصل اور روزگار کی فراہمی میں اپنا بہترین کردار ادا کرتی رہیں۔

عدنان خالد بٹ نے عبدالباسط کو آگاہ کیا کہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صنعتی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چند روز قبل ایم ڈی واسا اور ڈپٹی ایم ڈی آپریشن واسا سے ملاقات میں ان مسائل سے آگاہ کیا گیا تھا ۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کو مثالی بناکر صوبے کے متعلق تجارتی ، معاشی اور صنعتی سرگرمیوں کا بہترین تصور اجاگر کیا جاسکتا ہے جس سے سرمایہ کاری کی صورتحال پر بھی بہترین اثرات مرتب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں انفراسٹرکچر کی ترقی، تعلیم کے فروغ، صحت عامہ اور سڑکوں کو سگنل فری بنانا پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات ہیں جن کے دور رس نتائج ہونگے لیکن ساتھ ہی صنعتی و تجارتی مراکز پر توجہ دینا بھی ضروری ہے جو حکومت کے لیے محاصل ،لوگوں کے لیے روزگار اور ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ ہیں۔ عبدالباسط نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب حکومت اس مسئلے کی جانب توجہ دیتے ہوئے واسااور دیگر متعلقہ اداروں کو فیروز پور روڈ سمیت تمام انڈسٹریل ایریاز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرے گی۔