پاکستان امن چاہتا ہے اور امن کیلئے مذاکرات ضروری ہیں، اس حوالے سے پاکستان بھارت کے ساتھ دہشتگردی کے مسئلے اور دیگر امور پر جامع مذاکرات کا فریم ورک طے کرنے کیلئے تیار ہے ، سرتاج عزیز

اتوار 4 دسمبر 2016 12:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور امن کیلئے مذاکرات ضروری ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان بھارت کے ساتھ دہشتگردی کے مسلے اور دیگر امور پر جامع مذاکرات کا فریم ورک طے کرنے کیلئے تیار ہے جس پر گزشتہ سال کے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس کے سایئڈ لائن مذاکرات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

امرتسر میں مشیر خارجہ سرتاج عزیر نے بھارتی سنڈے ایکسپریس اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ امرتسر میںافغانستان میں امن و سلامتی کے بار ے پاکستانی کمٹمنٹ کو پورا کرنے کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کا مقصد اس کانفرنس کی افغانستان میں امن اور سلامتی کے لیے اہمیت ظاہر کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن و سلامتی ہمارا مقصد ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں میری موجودگی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ پاکستان دوطرفہ مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ اگر بھارت کی طرف سے دلچسپی ظاہر کی تو وہ یقینی طور پر ان سے ملیں گے تاہم اس کے لیے کسی باضابطہ درخواست کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور امن کیلئے مذاکرات ضروری ہیں۔ کو ئی بھی مسئلہ مذاکرات کی میز پر حل ہوسکتا ہے۔ جب بھارت مذاکرات کیلئے تیار ہوا تو ہم بھی تیار ہونگے ۔