کینڈا کا تہران میں دوبارہ سفارتخانہ کھولنے کا عزم

اتوار 4 دسمبر 2016 11:20

ٹورنٹو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2016ء) کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک تہران میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کی کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹین ٹروڈو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تہران میں کینیڈا کا سفارت خانہ دوبارہ کھولا جائے لیکن اس سلسلے میں جلد بازی میں کوئی اعلان نہیں کیا جا سکتا- واضح رہے کہ 2012 میں کینیڈا کے اس وقت کے وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر نے تہران سے اپنے سفارت کاروں کو واپس بلاکر کینیڈا کا سفارت خانہ بند کردیا تھا اور اسی وقت سے تہران اور اوٹاوا کے سفارتی تعلقات منقطع ہیں- تاہم 2015 میں جسٹین ٹروڈو کی قیادت میں کینیڈا میں لیبرل پارٹی کی حکومت کے برسراقتدار آنے کے بعد ایران اور کینیڈا کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں- کینیڈا نے یہ کہتے ہوئے کہ ایران پر عائد پابندیوں کی وجہ سے وہ ایران کی منڈیوں سے محروم ہو گیا ہے، ان پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہی- واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور کینیڈا کے وزیر خارجہ اسٹیفن ڈیون نے ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات منقعطع ہونے کے بعد پہلی بار ملاقات کی تھی-