ڈویژنل کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، عمدہ کارکردگی کے حامل ڈاکٹرز و سٹاف کو کیش ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے کی ہدایت

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:52

فیصل آباد۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال سے لے کر بنیادی مراکز صحت کی سطح پر ڈاکٹرز و سٹاف کی کارکردگی شفاف اور دیانتدارانہ طریقے سے جانچی جائے تاکہ عمدہ کارکردگی کے حامل ڈاکٹرز و سٹاف کو کیش ایوارڈ کے لئے نامزد کیا جا سکے۔یہ بات ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے ڈویژنل سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ کیئر کی مختلف کٹیگری کے تحت محکمہ صحت کے افسران اور ہسپتالوں کے ڈاکٹرز و سٹاف کی کارکردگی پر مشتمل سہ ماہی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا ۔

ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن خادم حسین جیلانی ‘ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر زاہد مالک ‘ ڈی او ( سی ) میاں آفتاب احمد ‘ اسسٹنٹ کمشنر صدر میر محمد نواز اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل مہر شفقت الله مشتاق کے علاوہ ضلع جھنگ ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈی سی اوز غازی امان الله ‘ عامر اعجاز اکبر اور ایوب خاں ویڈیو لنگ کانفرنس کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر میں سات اور سکینڈری ہیلتھ کیئر میں آٹھ مختلف کٹیگریز کے تحت میڈیکل سرنٹنڈنٹس ‘ ماہر ڈاکٹرز ‘ سینئر میڈیکل آفیسرز ‘ وومن میڈیکل آفیسرز ‘ سٹاف نرسز ‘ چارج نرس ‘ ایل ایچ وی ‘ مڈوائف ‘ لیب ٹیکنیشنز ‘ ایکسرے ٹیکنیشن ‘ ریڈیو گرافر اور دیگر عہدوں کے سٹاف کے علاوہ ای ڈی اوز ہیلتھ ‘ ڈی اوز ہیلتھ ‘ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں ‘ بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی کارکردگی جانچنے کے لئے ہسپتال میں صفائی ستھرائی ‘ طبی مشینری کو چالو حالت میں رکھنے ‘ چیک کئے گئے مریضوں کی تعداد ‘ ڈیوٹی پر حاضری ‘ ریکارڈ کی دیکھ بھال اور دیگر شرائط کو مد نظر رکھ کر رپورٹ تیار کی گئی ہے اور صوبائی سطح پر حتمی رینکنگ کے بعد عمدہ کارکردگی پر کیش ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب عنقریب لاہور میں منعقد ہو گی ۔

ڈویژنل کمشنر نے ڈی سی اوز سے کہاکہ وہ ضلعی سطح قائم کمیٹیز میں کیشن ایوارڈ کے لئے منتخب ہونے والے ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی فہرست کو متعلقہ انڈکیٹرز اور میرٹ کے مطابق حتمی شکل دیں تاکہ محنت اور جانفشانی سے خدمات انجام دینے والوں کی حق تلفی نہ ہو۔