کھیلوں کے مقابلے جیت کا جذبہ دیتے ہیں جن کی بدو لت ذہنی اور جسمانی نشو ونما ہوتی ہے‘ پر ویز احمد شیخ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:25

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)کھیلوں کے مقابلے جیت کا جذبہ دیتے ہیں جن کی بدو لت ذہنی اور جسمانی نشو ونما ہوتی ہے اور بہترین انسانی رشتے قائم ہوتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر گیمز ڈیولپمنٹ سندھ سافٹ بال اور گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج کوٹری کے سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجو کیشن پر ویز احمد شیخ نے یوم یکجہتی سندھ کی مناسبت سے کوٹری میں سافٹ بال گرلز کے نمائشی میچ کے افتتاح کے موقع پر بحیثیت مہمانِ خصوصی اپنے خطاب میں کیا۔

جامشورو سافٹ بال ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام گرلز ہائی اسکول کوٹر ی میں منعقدہ مذکورہ جونیئرز سافٹ بال میچ میں کوٹری کلرز نے کوٹری کوئینز کو5-4سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان تلسی میگھوار نی2جبکہ جویریہ ، بختاور اور اقرا نے 1-1رن بنایا جبکہ کوٹری کوئنز کی جانب سے کپتان دیبا گل نے 2،مہک اورسنیتا نے 1-1رن اسکور کیا۔

(جاری ہے)

آرگنائزنگ سیکریٹری افروز صدیقی تھیں جبکہ ٹیکنیکل کمیٹی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوٹری کی ڈائریکٹر فزیکل ایجو کیشن اور نائب صدر سندھ عائشہ ارم ، کامران، ظہیر الدین ودیگر شامل تھے۔

اختتام کے موقع پر پر ویز احمد شیخ ، عائشہ ارم اور افروز صدیقی نے انعامات تقسیم کئے جبکہ تلسی میگھوار کو بہترین فیلڈر، سنیتا کو بہترین بیٹر اور دیبا بھٹی کو بہترین کیچر قرار دیا گیا۔ آخر میں عائشہ ارم نے تمام کھلاڑیوں او رآفیشلز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تلقین کی کہ وہ والدین، استادوں اور سینئرز کی عزت کا خیال رکھتے ہوئے آگے بڑھیں اور اپنے ٹیلنٹ سے دنیا کو ثابت کریں کہ ہم متحدہیں اور ہر قسم کے چیلینج کا مقابلہ کرنے کو ہمہ وقت تیار ہیں۔