ڈاکٹر طاہر القادری کل نشتر پارک کراچی میں امن کانفرنس سے خطاب کریں گے

کانفرنس میں میئرکراچی وسیم اختر، ڈاکٹر فاروق ستار،سید قائم علی شاہ،غوث علی شاہ سمیت اہم شخصیات شرکت کریں گی ڈاکٹر طاہر القادری کراچی کے عوام کیلئے امن ،محبت اور یکجہتی کا پیغام لے کر آ رہے ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین انتظامیہ نے مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے ،عوامی تحریک کے رہنمائوںکا جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:22

ڈاکٹر طاہر القادری کل نشتر پارک کراچی میں امن کانفرنس سے خطاب کریں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 دسمبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری(کل) اتوا ر کو رات ساڑھے 7 بجے نشتر پارک گرائونڈ کراچی میں امن کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔اسلام آباد میڈیاسیل کے مطابق سربراہ عوامی تحریک 4دسمبر کی صبح کینیڈا سے کراچی پہنچیں گے ۔جہاں کراچی کی تنظیم کی طرف سے انکا پر تپاک استقبال کیا جائیگا ۔

کراچی ائر پورٹ سے قافلے کی شکل میں ڈاکٹر طاہر القادری طارق روڈ خواجہ سٹریٹ پہنچیں گے ،جہاں صبح ساڑے 5بجے ڈاکٹر طاہر القادری پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔شام 6 بجے قائد عوامی تحریک مزار قائد پر حاضری دیں گے اور رات ساڑے 7 بجے نشتر پارک میں امن کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔امن کانفرنس میں میئر کراچی وسیم اختر ،ڈاکٹر فاروق ستار،سید قائم علی شاہ،غوث علی شاہ سمیت ملک کی دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روزڈاکٹر حسن محی الدین ،خرم نواز گنڈا پور،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی،مرزا جنید ،قاضی زاہد ،صفدر قریشی اور عوامی تحریک و منہاج القرآن کے دیگر رہنمائوں نے نشتر پارک گرائونڈ میں جلسہ گا ہ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔مقامی پولیس و انتظامیہ نے بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔نشتر پارگ گرائونڈ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیئر مرکزی رہنماء و چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ اور روشنیوں کے شہر کراچی میں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے پاکستان کا ہر شہری دعا گو ہے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری کراچی کے عوام کیلئے امن ،محبت اور یکجہتی کا پیغام لے کر آ رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کا امن اور خوشحالی پاکستان کے ہر شہر کا امن اورخوشحالی کیلئے ضروری ہے ۔