لاڑکانہ میں ’’معذوروں کا عالمی دن‘‘ منایا گیا

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:22

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)ملک بھر کی طرح لاڑکانہ میں ’’معذوروں کا عالمی دن‘‘ منایا گیا۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے تعاون سے چانڈکا اسپیشل ایجوکیشن کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپیشل بچوں نے ٹیبلوز اور خاکے پیش کرتے ہوئے سندھی گیتوں پر رقص بھی کیا۔ مہمانوں نے تالیاں بجاکر بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈم گلناز عباسی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شمیم ابڑو، اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر مسعود احمد بھٹو، اساتذہ لیاقت علی، علی بخش، عامر علی عباسی، غلام اصغر عباسی اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اسپیشل بچوں نے ٹیبلوز اور خاکوں کے ذریعے اپنے صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ ہم کسی سے کم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچے توجہ کے طلبگار ہیں کیونکہ وہ بھی عام بچوں کی طرح ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے اسپیشل بچوں کے لیے مختلف پروگرامز تشکیل دیئے جارہے ہیں جن سے ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔