حکومتی اقدامات سے ہر شہری کا معیار زندگی بلند ہو رہا ہے، چوہدری خوش اختر سبحانی

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:15

سیالکوٹ ۔3 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و سابق صوبائی وزیر چوہدری خوش اختر سبحانی نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات سے ہر شہری کا معیار زندگی بلند ہو رہا ہے ‘عوام کا موجودہ حکومت کی معاشی اور اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد اس بات کی نوید ہے کہ موجودہ حکومت کامیابی کے ساتھ اپنا دور اقتدار مکمل کر رہی ہے اور ہر شہری بنیادی سہولیات سے مستفید ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف عوام کے محب وطن لیڈر ہیں جن کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں گڈگورننس ، شفافیت اور معیار کو قائم رکھنے کے لئے مروجہ قوانین کی پابندی سے بیرونی سرمایہ کار پاکستان خصوصاًًپنجاب میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ حکومت پنجاب کی مالیاتی پالیسیوں اور اقدامات سے دیگر صوبے بھی رہنمائی حاصل کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا مقصد ملک میں ترقیاتی کاموں کا فروغ ہے ۔ ملک میں جاری ترقیاتی کاموں میں میرٹ کی پالیسی سب سے نمایاں ہے اور عوام کی خدمت میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی کی جا رہی ہیں ۔